کراچی، اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں سمیت37ملزم گرفتار
سائٹ اے پولیس نے 6، قائدآباد نے 13ملزموں کو پکڑا، اسلحہ و منشیات برآمد کر لی لیاقت آباد پولیس کا گٹکے کی فیکٹری پر چھاپہ، بھاری مقدار میں گٹکا تحویل میں لے لیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرمنلز اور منشیات فروشوں سمیت 37 ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔زمان ٹاؤن پولیس نے ایک ملزم شاکر کو گرفتار کیا۔سائٹ اے پولیس نے 6ملزمان ابو الکلام، قاسم،سراج،حسین علی،عجب خان اورمنادر کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔لیاقت آباد پولیس نے گٹکے کی فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزم دانش کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کر لیا۔ قائد آباد پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 13 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات اور اسمگل شدہ ایرانی پٹرول برآمد کر لیا۔ اتحاد ٹاؤن پولیس نے 4ملزمان محمد ہاشم،طارق، عدیل اور حبیب کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ درخشاں پولیس نے بخاری کمرشل پر کارروائی کرتے ہوئے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں مصروف 8خواتین اور 3 مردوں کو گرفتار کر لیا۔ شرافی گوٹھ پولیس نے ملزم اللہ دتہ کو گرفتار کر کے رکشہ برآمد کر لیا۔ ملیر میں اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے والے پولیس اہلکار کوقانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے گرفتارکرلیا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم نوید عرف اصغر ملیر سٹی پولیس اسٹیشن میں تعینات ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم پر اس سے قبل بھی میمن گوٹھ میں قتل کی ایف آئی درج ہے ۔