سونے سے پہلے دودھ پینا ہر کسی کیلئے مفید نہیں، ماہرین
کیلیفورنیا(نیٹ نیوز)دنیا بھر میں دودھ کو صحت بخش غذا سمجھا جاتا ہے اور بہت سے لوگ رات کو سونے سے پہلے دودھ پینے کو بہتر نیند کے لیے مفید قرار دیتے ہیں۔
تاہم طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہر انسان کا جسم دودھ کو یکساں طور پر ہضم نہیں کر پاتا ۔ کیلیفورنیا کے معدے کے ماہر ڈاکٹر پلائی ایم مینکم کے مطابق دودھ میں موجود قدرتی شکر لیکٹوس ہضم کرنے کیلئے جسم کو لیکٹیس نامی انزائم درکار ہوتا ہے جو چھوٹی آنت میں پیدا ہوتا ہے ،عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ، خاص طور پر 30 سال کے بعد، جسم میں لیکٹیس انزائم کی پیداوار کم ہونے لگتی ہے ۔ جب یہ انزائم مناسب مقدار میں موجود نہ ہو تو دودھ صحیح طرح ہضم نہیں ہو پاتا اور بڑی آنت میں پہنچ کر بیکٹیریا کی سرگرمی بڑھا دیتا ہے ، جس کے نتیجے میں گیس، پیٹ درد اور بدہضمی جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ سونے سے پہلے دودھ پینا بعض افراد میں انسولین کی سطح بڑھا سکتا ہے ۔