ٹرمپ اور پوپ لیو ایک دوسرے کے سامنے آگئے
امریکی صدر نے حضرت عیسیٰ ؑ کے روپ میں اپنی اے آئی تصویر ہٹادی مذہبی شخصیات نے صدر ٹرمپ کے اقدام کو توہینِ مذہب قرار دیدیا
واشنگٹن،روم(نیوز ایجنسیاں )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوپ لیو پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں کمزور اور خارجہ پالیسی کیلئے نقصان دہ قرار دیدیا، جس کے جواب میں پوپ نے کہا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس سے نہیں ڈرتے اور جنگ کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ پوپ لیو جرائم کے معاملے میں کمزور ہیں اور خارجہ پالیسی کے لیے خراب ہیں۔بعد ازاں ٹرمپ نے ایک مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصویر بھی شیئر کی، جس میں خود کو حضرت عیسیٰؑ کے روپ میں دکھایا گیا تھا، جبکہ پس منظر میں امریکی پرچم اور مجسمۂ آزادی نظر آ رہا تھا۔ جس پر مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے ۔کئی مذہبی شخصیات نے اقدام کو توہینِ مذہب قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ فوری طور پر یہ پوسٹ ہٹا دیں جس کے بعد امریکی صدر نے تصویر ڈیلیٹ کردی ۔ پوپ لیو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ وہ جنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے کیونکہ کسی نہ کسی کو کھڑا ہونا پڑتا ہے ۔ پوپ لیو نے کہا کہ میں سیاستدان نہیں ہوں اور نہ ہی سیاسی بحث کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔ چرچ اور انجیل کا پیغام یہی ہے کہ ’امن قائم کرنے والے بابرکت ہیں‘۔یہ تنازع عالمی سطح پر مذہب اور سیاست کے تعلق پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے ۔