شہر بھر میں رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں،26ملزم گرفتار

شہر بھر میں رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں،26ملزم گرفتار

اسنیپ چیکنگ کے دوران 2کارروائیوں میں 3ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد ریتی بجری چرانے پر 6افراد اور مضر گٹکا فروخت کرنے پر چار ملزم دھر لیے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 26ملزم گرفتار کرلیے ۔ رینجرز کے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹول پلازہ کے علاقے میں رینجرز نے اسنیپ چیکنگ کے دوران شاہد اور محمد ذیشان کو گرفتار کرکے پک اپ میں چھپایا گیا 1500لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا۔ ملیر سٹی کے علاقے سے نوید کو گرفتار کیا گیا جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔ رینجرز نے کورنگی کے علاقے سے منشیات فروش عابد حسین مگسی کو گرفتار کرکے اسلحہ، گولیاں، ایرانی ڈیزل اور منشیات برآمد کیں۔ دو ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس جبکہ دو کو برآمد کیے ہوئے ڈیزل سمیت کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا۔ ناظم آباد پولیس نے اسٹریٹ کرمنل نہال کو گرفتار کرکے اسلحہ اور پاپوش نگر سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ ابراہیم حیدری پولیس نے آصف، زاہد اور فیصل کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں مضر گٹکا برآمد کر لیا۔ درخشاں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں عثمان ،سعد رفیق اور سحرش عرف سونیا کوگرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ ملزمان سے برآمد ہونے والی منشیات تعلیمی اداروں میں اور کم عمر لڑکوں کو گھروں پر پہنچائی جانی تھی۔ ضلع ملیر پولیس نے گڈاپ سٹی اور میمن گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزم گرفتار کرلیے ۔ یہ تمام افراد ریتی بجری چرانے میں ملوث تھے ۔ اقبال مارکیٹ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم محمد جہانگیر کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ موچکو پولیس نے دوران گشت ٹرالر نمبر TLQ-493 کو روک کر ٹرالر کے خفیہ خانے سے 1500 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرکے ٹرالر ڈرائیور رحمت کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ گڈاپ سٹی پولیس نے شاہد اللہ، روزی خان اور ولی محمد کو گرفتار کرلیا۔ پریڈی پولیس نے ایمپریس مارکیٹ میں واقع گودام پر کارروائی کرکے گودام میں رکھے لاکھوں روپے مالیت کے جیم، ون ٹو ون گٹکے اور ماوے برآمد کیے اورملزم عبداللہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ شاہ لطیف پولیس نے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے مالک جمیل کو گرفتا ر کے مقدمہ درج کرلیا۔ گڈاپ میں غیر قانونی مذبح پر چھاپہ مار کر پولیس نے 2 ملزم گرفتار کرلیے جبکہ 4 فرار ہوگئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں