احسن اقبال , دانیال عزیز میں جھڑپ
مسلم لیگ(ن) کے سابق وزراء چوہدری احسن اقبال اور دانیال عزیز کی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں تلخ کلامی،
اسلام آباد(طارق عزیز)مسلم لیگ(ن) کے سابق وزراء چوہدری احسن اقبال اور دانیال عزیز کی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں تلخ کلامی، ایک دوسرے کیخلاف شکایات،پی پی48 نارووال میں چوہدری احسن اقبال کے کزن چوہدری منان کے مقابلے میں دانیال عزیز نے اپنے والد چوہدری انور عزیز کو ٹکٹ دلانے کے خواہاں ہیں ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز پارٹی قائد نواز شریف کی موجودگی میں پارلیمانی بورڈ اجلاس میں سابق وفاقی وزراء احسن اقبال اور دانیال عزیز ایک دوسرے سے الجھ پڑے ، احسن اقبال این اے 78 جبکہ دانیال عزیز این اے 77 سے امیدوار ہیں ،احسن اقبال کے کزن چوہدری منان پانچ سال ایم پی اے رہے ہیں اب اس حلقہ سے چوہدری انور عزیز نے صوبائی اسمبلی کی سیٹ کیلئے درخواست دیدی ہے ، ذرائع کے مطابق پی پی 47 سے سابق ایم پی اے مولوی غیاث الدین جو دانیال کے حلقہ میں آتے ہیں انہوں نے احسن اقبال کیخلاف قیادت کے سامنے شکایات شروع کر دیں، جس پر سابق وفاقی وزیر احسن اقبال غصے میں آگئے اس دوران دانیال عزیز نے سابق ایم پی اے مولوی غیاث الدین کی حمایت میں احسن اقبال پر چڑھ دوڑے ، تاہم قائدن لیگ نے دونوں کو خاموش کرا دیا، اس موقع پر سوال اٹھایا گیا کہ دانیال عزیز نے ٹکٹ کیلئے درخواست نہیں دی انہیں پارلیمانی بورڈ میں کیوں بلایا گیا ہے ، جس پر نواز شریف نے انہیں ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر پار ٹی کو ٹکٹ کیلئے درخواست دیں۔