کراچی : رینجرز کی کارروائی , 66 ٹن بھارتی گٹکا اور 200 ٹن چھالیہ برآمد

کراچی : رینجرز کی کارروائی , 66 ٹن بھارتی گٹکا اور 200 ٹن چھالیہ برآمد

خفیہ اطلاع پربس ٹرمینل یوسف گوٹھ پرچھاپہ مارا،2000کارٹن سگریٹ،1000انڈین ٹائرزاورغیرملکی ادویات بھی ملیں انڈین گٹکاافغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی لایاجاتاہے،پولیس کے مختلف علاقوںمیںچھاپے،30ملزم پکڑے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز نے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پرکارروائی کرتے ہوئے 66 ٹن انڈین گٹکا اور 200 ٹن چھالیہ برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاؤ ن کے بس ٹرمینل پر چھاپہ مارکارروائی کے دوران بڑی مقدارمیں انڈین گٹکا، چھالیہ، سگریٹ، ٹائرزاورغیر ملکی ادویات برآمد کر لیں۔ برآمد ہونے والے سامان میں 66 ٹن انڈین گٹکا(جس کی مالیت تقریباً چار کروڑ روپے ہے )، تقریباً200 ٹن انڈین چھالیہ، 2000 کارٹن انڈین سگریٹ، 1000 انڈین ٹائرز اور غیر ملکی ادویات کی بھاری مقدار شامل ہے ۔ قبضے میں لیا گیا سامان کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ یہ انڈین گٹکا افغانستان سے براستہ بلوچستان مختلف راستوں سے بسوں کے خفیہ خانوں میں چھپا کر کراچی لایا جاتا اور گوداموں میں ذخیرہ کر کے وہاں سے جوڑیا بازار اولڈ سٹی ایریا میں فروخت کے لیے ترسیل کیا جاتا تھا۔ واضح رہے کہ رینجرز نے بتاریخ 12 ،13 جون 2018 ء کی درمیانی شب ماڑی پور روڈ لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے 5000 کلو گرام انڈین گٹکے کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا تھا۔ ادھر پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 30 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات اور سامان مسروقہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پی آئی بی پولیس نے دو ملزمان کو، سعید آباد پولیس نے شاکر علی کو، سائٹ سپرہائی وے پولیس نے تین ملزمان کو، شاہ لطیف پولیس نے یاسر کو، ابراہیم حیدری پولیس نے شاہد کو، گلستان جوہر پولیس نے کلیم اللہ کو، سہراب گوٹھ پولیس نے اکبر کو ، الفلاح پولیس نے عیسیٰ کو، گلبرگ پولیس نے پانچ ملزمان کو، قائد آباد پولیس نے صالح الرحمن کو ،سائٹ اے پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔جبکہ دیگر کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے مزید10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔علاوہ ازیں رینجرز نے اینٹی ٹیررایسٹ ونگ میں ایک تقریب کے دوران ملزمان سے برآمد شدہ دو موٹرسائیکلیں اور23 موبائل فونز اصل مالکان کے حوالے کردئیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں