ایک قاتل اور متعدد مفرور و اشتہاریوں سمیت 45ملزم گرفتار
زمان ٹاؤن پولیس نے توفیق علی کو گرفتار کر کے 400کلو گرام مضر گٹکا برآمد کر لیا حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ پولیس نے متعدد ملزم گرفتار کیے ، اسلحہ اور دیگر اشیاء برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ پولیس نے 24 گھنٹوں کے دوران 45 ملزم گرفتار کرلیے ۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور پولیس نے ناصر کو گرفتار کر کے کلہاڑی برآمد کر لی۔ ملزم نے 8 جولائی کو اقبال مسیح کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کیا اور فرار ہو گیا۔ ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔ پیر آباد پولیس نے تین منشیات فروش شیرافضل ، جمیل اور زینور شاہ گرفتار کرلیے ۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی۔ پاپوش نگر پولیس نے ملزم قاسم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ زمان ٹاؤن پولیس نے توفیق علی کو گرفتار کر کے 400 کلو گرام مضر گٹکا برآمد کر لیا۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے منشیات فروش نعیم اور ارشد کو گرفتار کر کے منشیات اور اسلحہ برآمد کیا۔ الفلاح پولیس نے طلحہ جعفری کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا۔ آئی جی سندھ کے ترجمان کے بیان کے مطابق 17 اشتہاریوں کے علاوہ 11 مفرور ملزم بھی پکڑے گئے ۔ 2 ملزم رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔ حیدر آباد پولیس نے 4 اشتہاریوں کے علاوہ چند ملزم رنگے ہاتھوں بھی پکڑے اور ان سے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ سکھر پولیس نے 10 مفرور اور 8 اشتہاری پکڑے ۔ لاڑکانہ پولیس نے ایک مفرور اور دو اشتہاری پکڑے ۔ آئی جی سندھ نے تمام اعلٰی افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ملزمان کا اندراج رجسٹر نمبر 4 میں کیا جائے ۔ بلوچ کالونی میں تین روز قبل نوجوان لڑکی کو اغوائکرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والے 5ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے رضوان عرف جٹا، محمد عمیر عرف لاڑو، باسط، علی اور مزمل سے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ان کے خلاف زنا کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ اقبال مارکیٹ پولیس نے مختلف علاقوں سے دلدار حسین، کاظم علی، احمد رضا، جبار، طارق علی اور عاشق کو گرفتار کر لیا۔ یہ سب مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ اقبال مارکیٹ پولیس ہی نے ایک اور کارروائی میں ملزمہ فوزیہ زوجہ ارشد کو گرفتار کر لیا۔ کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فون اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔