پاکستان کے ڈاکٹر نعیم الدین کنول کی دوا امریکا میں پیٹنٹ ہو گئی
امریکی وفد ملا اور مبارک باد دی، ڈاکٹر نعیم کی دنیا سے گفتگو، بچوں کے شاعر بھی ہیں
کراچی(رپورٹ :کفیل الدین فیضان)بچوں کے نامور شاعر اورمعروف سائنس دان ڈاکٹر نعیم الدین کنول کی ایجاد کی ہوئی دوا امریکا میں رجسٹر (پیٹنٹ) ہوگئی ہے ۔ یو ایس پی ٹی او کے اٹارنی مائیکل ای زال نے اس ایجاد کو دواؤں کی دنیا میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے ۔ ڈاکٹر نعیم الدین کنول نے روزنامہ ‘‘دنیا’’ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوا جلد کی ایک خاص بیماری ہائپر ہائیڈروسز کے لیے ہے ، جس میں جسم کے مختلف حصوں سے حد سے زیادہ پسینہ بہتا ہے ، اس بیماری کے لیے کوئی مؤثر دوا دستیاب نہ تھی۔ گزشتہ دنوں ایک امریکی وفد نے پاکستان آکر مجھ سے ملاقات کی اور اس ایجاد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے اپنی فارماسیوٹیکل کمپنی کے ریسرچ سینٹر آنے کی دعوت بھی دی۔ ڈاکٹر نعیم الدین کنول نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی اور ڈاکٹر عطاء الرحمن کے بعد وہ پاکستان کے تیسرے سائنس دان ہیں جن کی تیار کی ہوئی دوا کو امریکا میں پیٹنٹ کیا گیا ہے ۔ یہ دوا مارکیٹ میں متعارف بھی کرا دی گئی ہے ۔ ریڈیو پاکستان سے بچوں کے لیے ڈاکٹر نعیم الدین کنول کے 110 سے زائد نغمے نشر ہو چکے ہیں۔