ن لیگ نوازشریف کی صحت کیلئے کوئی بھی سمجھوتہ کرنے پرتیار
بھائی کی زندگی سے بڑھ کرکچھ نہیں:شہباز، مشاورتی اجلاس میں اتفاق
اسلام آباد(طارق عزیز)مسلم لیگ(ن) کی ترجیح نوازشریف کی صحت اور علاج معالجہ ہے ،پارٹی صدر شہباز شریف ایسی کسی سرگرمی یا محاذ آرائی کے حق میں نہیں جس سے نواز شریف کی صحت کے متعلق مشکلات میں مزید اضافہ ہو، پارٹی میں اتفاق رائے پایا گیا کہ نواز شریف کی صحت یابی کے لئے اگرکسی سمجھوتہ کی ضرورت بھی پڑے تو گریز نہ کیا جائے ،مولانا فضل الرحمن کے جائزمطالبات کے حامی ہیں، ماورائے پارلیمنٹ کوئی بھی ایسا اقدام نہ کیا جائے جس سے جمہوری و پارلیمانی نظام کونقصان پہنچے ،مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی اپنے موقف سے واضح طور پر آگاہ کردیا جائے گا کہ ہماری ترجیح نواز شریف کی صحت اور زندگی ہے جس سے بڑھ کر کوئی اور چیز نہیں ہوسکتی۔ دھرنوں، لاک ڈائون، شٹر ڈائون اورپہیہ جام سے ملکی معیشت متاثر ہوگی جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا اور محاذ آرائی اس قدر نہ بڑھائی جائے کہ قوم کو کسی ماورائے آئین اقدام’ فیصلے کا سامنا کرناپڑے ’ ان ہائوس تبدیلی آئینی و جمہوری حق ہے اس کیلئے کوشش اور اتحادیوں سے بات کی جائے ۔ مشاورتی اجلاس میں اتفاق پایا گیا کہ نواز شریف کی صحت پرن لیگ سیاست کرے گی اور نہ کسی دوسری جماعت کو اجازت دی جائے گی’جہاں تک موجودہ حکومت کیخلاف جدوجہد کا تعلق ہے آئین،قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے جاری رکھی جائے گی، جدوجہد پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے ہی کی جائے گی’ اسمبلیوں سے استعفوں کی تجویز قابل قبول نہیں، ن لیگ اپنے تحفظات اور خدشات رہبر کمیٹی کے آئندہ کے اجلاس میں رکھے گی اور آل پارٹیز کانفرنس میں بھی یہی موقف اختیار کیا جائیگا۔ شہباز شریف نے اپنے متعلق پارٹی کے بعض حلقوں کی طرف سے تنقید پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہاکہ میرے لیے بڑے بھائی کی زندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں،فیصلے مشاورت سے کئے جاتے ہیں اور تنقید صرف اوپر ہوتی ہے ،اب پارٹی اجلاسوں میں کم سے کم بات کروں گا آپ کی تجاویزاور آرا من و عن نواز شریف کو پیش کردوں گا۔مشاورتی اجلاس میں وزیراعظم کا استعفیٰ زیر بحث ہی نہیں آیا، شہباز شریف نے کہا کہ ساری صورتحال رہبر کمیٹی ،اے پی سی میں زیربحث لائی جائے گی، مسلم لیگ ن کے موقف پر دیگر اپوزیشن جماعتوں کو قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی،مریم نواز بھی ضمانت کے بعد اپنی پوری توجہ والد کی صحت پرمرکوز رکھیں گی ،اس مرحلہ پر کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گی،نواز شریف کی صحت بہتر ہونے پر پارٹی اور مریم نواز بھرپور سیاست کریں گے ۔