ٹڈی دل نے صحرائی علاقوں میں بچے دیدیئے :فخر امام
90 کی دہائی میں جب آئی تو واپس چلی گئی،اس بار ادھر ہی رک گئی :وفاقی وزیر اگلے ہفتے 10جہاز سپرے کرینگے :چیئرمین این ڈی ایم اے ، دنیا کامران خان کیساتھ
اسلام آباد(دنیا نیوز)پاکستان کے شہری علاقے کورونا کا مقابلہ کررہے ہیں تو دیہات میں ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں،بھارت نے ٹڈی دل سے مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان سے مدد مانگی ہے ،مل کر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے ، فصلوں پر ٹڈی دل حملے سے نا قابل تلافی مالی نقصان ہورہا ہے ۔ پروگرام ‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ’’ کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے زراعت بھی پاک فوج کے سپرد کردی گئی ۔وفاقی وزیر فخر امام نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹڈی دل سے زراعت پر حملوں اور نقصان کے حوالے سے صوبے سروے کررہے ہیں، یہ پاکستان کے 60اضلاع میں حملہ کرچکی ہے ۔دیہات میں لوگ اجتماعی طریقے سے مقابلہ کررہے ہیں۔90 کی دہائی میں جب آئی تو واپس چلی گئی تھی ۔اس بار ادھر ہی رک گئی ،ٹڈی دل نے صحرائی علاقوں میں بچے دے دیئے ہیں،ایک ٹڈی دل سے 1200بچے جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا پانچ سے 6 ادارے اس وقت اس پر کام کررہے ہیں۔ آٹھ سے نو ہزار فوجی جوان اس سلسلے میں کام کررہے ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ تین سے چار ہفتوں میں ایران،مسقط اور افریقہ سے حملے کا خطرہ ہے ۔پاک فوج کے پانچ ہیلی کاپٹر مختص کردیئے گئے ہیں،ایک جہاز ترکی سے کرائے پر منگوایا ہے ،اگلے ہفتے تک 10 جہاز سپرے کریں گے ۔دوا بھی وافر مقدار میں منگوا لی ہے ،کچھ دوا صوبوں کو دے دی ہے ،کٹائی کے علاقے میں چین سے ملنے والی امداد استعمال کی جاچکی ہے ،اس حوالے سے صوبوں نے اچھا کا م کیا ہے ،خصوصاً پنجاب تھریٹ کم کرنے میں کامیاب رہا ہے ۔کورونا وائرس کے حوالے سے ہم روز کے ڈیٹا کو پرانے ڈیٹا میں ڈال کر جائزہ لیتے ہیں،ایک سوال پر انہوں نے کہا پاکستان میں جولائی کے آغاز پرکوروناعروج پرہوسکتاہے ۔ہماری اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔میری ایک ٹیم ہے جو ایک ماہ کا مارجن رکھ کر تیاری میں مصروف ہے ،میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وزارت صحت کی طرف سے دی جانیوالی ہدایات پر عمل کریں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم کورونا کامل کرمقابلہ کرناہوگا،لوگوں نے فیس ماسک کااستعمال شروع کردیاہے ،این سی سی کا اجلاس پیر کوہوگا،10 جون تک 20ہزارپاکستانی وطن واپس آئیں گے ،پاکستان سے بیرون ممالک جانے والوں کواجازت ہے ،کوئی پاکستانی یاغیرملکی پاکستان سے جاناچاہتاہے توجاسکتاہے ۔