کورونا :سکول کھولنے کا رسک نہیں لیں گے :وزیرتعلیم پنجاب

کورونا :سکول کھولنے کا رسک نہیں لیں گے :وزیرتعلیم پنجاب

وبا سے زندگی موت کا مسئلہ، سکول کھولنے کامطالبہ کرنیوالوں کا مقصد پیسہ بنانا فیس کم نہ کرنیوالوں کیخلاف اتھارٹیز کو شکایت درج کروائیں :ایکشن ہوگا :مراد راس

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے جب تک محکمہ سکول ایجوکیشن نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتا، سکول کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ میں پریس کانفرنس کے دوران انکا کہنا تھاوبا کی وجہ سے زندگی موت کا مسئلہ بنا ہوا ہے کوئی رسک نہیں لیں گے ۔ دو، اڑھائی ماہ سکول بند ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔ مراد راس نے نجی سکولوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا طلبہ اور اساتذہ کی صحت اولین ترجیح ہے سکول کھولنے کی اجازت نہیں جو تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ان کا مقصد پیسے بنانا ہے ۔جب تک وبا ہے فیسوں پر بیس فیصد رعایت ہوگی ،والدین سکولوں سے رعایت والے فیس ووچر حاصل کریں ،اگر کوئی سکول فیس کم نہیں کر رہا تو متعلقہ اتھارٹیز کو شکایت درج کروائیں ،ایکشن ہوگا۔انکا کہنا تھاکورونا وائرس کی وجہ سے رکے ترقیاتی کاموں پر اب کام تیزی سے شروع ہوگیا ہے ،ہر ماہ ایک منصوبے کا افتتاح کرینگے ،اگلے ماہ ماڈل سکولوں میں ایک ہزار نئے کمرے بنائیں گے ۔مراد راس نے کہا ٹیکسٹ بک بورڈ کی تاریخ میں پہلی دفعہ کنٹرول بنانے جارہے ہیں جہاں نصاب میں غلطیوں کے حوالے سے شکایات درج کروائی جاسکیں گی، ایک ہفتے کے اندر سکولوں کو کتابوں کی فراہمی شروع ہوجائے گی ،پیف کا نیا بورڈ تشکیل دینے کیلئے سمری وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی ہے ،پیف سکولوں کے بچوں کی مانیٹرنگ کیلئے نیا نظام لارہے ہیں جو چھ کے بجائے ہر ماہ طلبہ کی تصدیق کرے گا ۔مراد راس کا کہنا تھا ان کی ڈاکٹریٹ کی ڈگری کورٹ سے چیک شدہ ہے اگر کسی کو شک ہے تو چیک کروا لے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں