ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم کا افتتاح ، قطاروں سے نجات ملے گی : بزدار

ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم کا افتتاح ، قطاروں سے نجات ملے گی : بزدار

گھر بیٹھے ڈرائیونگ سنٹرز میں لائسنس کیلئے وقت ، تاریخ لے سکیں گے ، دائرہ دیگر شہروں تک بڑھایا جائیگا ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد ،مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں عمل کرایا جائیگا

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈولنگ نظام کا افتتاح کردیا۔ ان کو ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈول کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی سے عوام کو آسانی ہوگی۔کورونا کے باعث ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز بند ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔آن لائن ٹائم شیڈول کے ذریعے شہری گھر بیٹھے لاہور کے 18 ڈرائیونگ سنٹرز میں لائسنس کے حصول کیلئے وقت اور تاریخ حاصل کرسکیں گے ۔لاہور ٹریفک پولیس اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو جرمانوں کی آن لائن ادائیگی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کے نظام کے اجرا پر مبارکباد دیتا ہوں،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بغیر پریشانی سرکاری امور میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں، کورونا کی وجہ سے بینکوں کے اوقات کارمحدود ہیں اور عوام کو ٹریفک چالان جمع کرانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے سٹی ٹریفک پولیس نے جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کا سسٹم متعارف کرواکر لیڈ لی ہے ،پنجا ب حکومت شہریوں کو سہولتیں دینے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کے نظام کو پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کا دائرہ کار بھی دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا، ون لنک اے ٹی ایم مشین،موبائل ایپلی کیشن،انٹرنیٹ بینک کے ذریعے باآسانی ٹریفک جرمانہ ادا کیا جاسکتا ہے اور کسی بھی بینک برانچ کے کاؤنٹر پر بھی آن لائن ادائیگی کی جاسکے گی،ان اقدامات سے سماجی فاصلوں پر عملدر آمد یقینی بنایاجاسکے گا۔ انہوں نے کہا اس نظام سے حکومت پنجاب کے ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ ریونیو وصولی میں مزید شفافیت آئے گی اور ٹریفک قوانین کو باربار توڑنے کے عادی افراد کا ریکارڈ خود بخود مرتب ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا شہری یہ سہولت راستہ ایپ،ویب پورٹل اور کال سنٹرکے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں،اگر کوئی شہری انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں جانتا تو وہ قریبی ڈرائیونگ لائسنس سنٹر پر جاکر تاریخ اوروقت لے سکتا ہے ۔ ہمارے ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف لمبی لمبی قطاروں اور طویل انتظار کی زحمت سے چھٹکارا ملے گا بلکہ سروس ڈلیوری میں بھی بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا پبلک مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرایا جائے گا،خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی،شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ، ماسک پہننا شہریوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے ،گھر سے نکلتے وقت شہری ماسک لازمی پہنیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا، پنجاب کے ہسپتالوں میں خالی بیڈز اور وینٹی لیٹرز موجود ہیں،اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ضروری ادویات بھی دستیاب ہیں۔انکا کہنا تھا کاروبار کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے ،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بزنس ہاؤسز کیخلاف کارروائی ہوگی۔ ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں