اسٹاک ایکسچینج :پھر مندی،انڈیکس 1576 پوائنٹس گرگیا
فروخت کا شدیددباؤ، کے ایس ای 100انڈیکس 171,579 پوائنٹس پر بند
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ ایران مذاکرات کے حوالے سے بے یقینی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں بدھ کو منفی رجحان دیکھا گیا جس کے نتیجے میں100 انڈیکس تقریباً 1 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز میں ہی انڈیکس میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا جہاں پہلے ایک بڑا اضافہ ہوا اور پھر اچانک تیزی سے گراوٹ آئی جو مارکیٹ میں فروخت کے شدید دباؤ کی نشاندہی کرتی ہے ۔کاروبار کے دوران بحالی کا ایک مرحلہ بھی دیکھا گیا جس میں مارکیٹ نے اپنی کھوئی پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کی اور 173,452.66 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح کو چھوا ۔ بعدازاں مارکیٹ اضافے کے اس رجحان کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور ٹریڈنگ کے آخری گھنٹوں میں مسلسل مندی کے دور میں داخل ہو گئی۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1,576.49 پوائنٹس یا 0.91 فیصد کی کمی سے 171,579.30 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرز انڈیکس میں بھی مندی رہی ۔