سپر لیگ کنگز ناکام ناقابل شکست زلمی کی ایک اور فتح
کراچی کا183رنز کا ہدف پشاور نے 19ویں اوور میں حاصل کیا،مینڈس کے80، فرحان یوسف کے58رنز ،علی رضا کی ہیٹ ٹرک عثمان خان کی سنچری کی بدولت حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 4وکٹوں سے شکست دے دی،لبوشین61رنز کیساتھ نمایاں رہے
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ 11 میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 182 رنز سکور کیے ۔ جیسن روئے 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے اننگز کی آخری 3 گیندوں پر ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مجموعی طور پر میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ 18 سالہ علی رضا پی ایس ایل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے ہیں۔
جواب میں پشاور زلمی نے کوشل مینڈس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کا 183 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پشاور زلمی کی جانب سے کوشل مینڈس 80 اور فرحان یوسف 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ دوسرے میچ میں عثمان خان کی سنچری کی بدولت حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ حیدرآباد کنگزمین نے 214 رنز کا ہدف تین گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عثمان خان نے 101 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، عثمان خان پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 3 سنچریاں بنانے والے پلیئر بن گئے ۔ کپتان مارنس لبوشین 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ اسماعیل اور پیٹر سڈل نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے تھے سٹیو سمتھ نے 106 رنز کی اننگزکھیلی،صاحبزادہ فرحان نے 66 رنز بنائے ۔