کورونا : مزید 103 جاں بحق، پنجاب کے 13 اضلاع میں پہلی سے آٹھویں تک سکول عید تک بند

کورونا : مزید 103 جاں بحق، پنجاب کے 13 اضلاع میں پہلی سے آٹھویں تک سکول عید تک بند

بورڈ امتحانات 24مئی کے بعد ،اے ، او لیول شیڈول کے مطابق ،متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیاں بند :شفقت محمود،نویں تا بارہویں کلاسز ہفتے میں دو دن :مراد راس ، لاہور 42،پنجاب میں 88اموات،بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنیکا نوٹیفکیشن،قیدیوں سے ملاقات پر پابندی،اسلام آباد میں سنگل ڈوز ویکسین کیلئے حد 70 عمرسال

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

خیبر پختونخوا کے 6اضلاع میں سکول بند،بلوچستان میں شادی ہالز پر پابندی،سندھ میں 22اپریل سے تعلیمی عمل بحال ہوگا،اموات کچھ عرصہ زیادہ رہیں گی:اسد عمر ، لاہور،اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ہیلتھ رپورٹر،اکنامک رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،سٹی رپورٹر،نیوز ایجنسیاں،دنیا نیوز)ملک میں کورونا کے باعث مزید 103افراد جاں بحق ہوگئے ، پنجاب کے 13 اضلاع میں پہلی سے آٹھویں تک سکول عید تک بند کردئیے گئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلے کئے گئے ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ملک میں کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بند رہیں گے ، نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبا کو سخت ایس او پیز کے تحت 19 اپریل سے بورڈ امتحانات کی تیاری کیلئے سکولوں میں حاضری کی اجازت ہو گی، کیمبرج کے زیر انتظام ہونے والے او ، اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے ،28اپریل تک متاثرہ اضلاع کی یونیورسٹیاں بھی بند رہیں گی، صوبائی حکومتیں متاثرہ اضلاع کی نشاندہی کریں گی، پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا 28 اپریل کو دوبارہ اجلاس ہو گا جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ سکولوں کو کھولا جائے یا عید تک بند رکھا جائے ،ملک میں 40 لاکھ بچے نویں سے بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں، اس سال بورڈ امتحانات ہوں گے ، ملک میں 30 بورڈ کام کر رہے ہیں،بورڈ امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے یعنی 24 مئی کے بعد سے شروع ہوں گے ،پنجاب کے بورڈز نے جو مئی کے پہلے ہفتے سے امتحانی ڈیٹ شیٹ جاری کی ہے وہ بھی آگے چلی جائے گی،اس مرتبہ بورڈ کے امتحانات ضرور ہوں گے ، اس لئے طلبہ امتحانات کی تیاری کریں، گزشتہ سال ہمارے پاس اس سے پہلے سال کا ڈیٹا موجود تھا جس کی بنیاد پر ان کو پاس کیا گیا، اس سال ہمارے پاس ایسی کوئی چیز نہیں ہے ، ملک میں 85 ہزار بچے اے اور او لیول امتحانات دے رہے ہیں، یہ بڑی کم تعداد ہے ، کیمبرج کے حکام نے یقین دلایا ہے کہ وہ ایس او پیز کا خیال رکھیں گے ، حکومت خود بھی اسے مانیٹر کرے گی، بنگلہ دیش کے علاوہ خطے کے تمام ممالک میں یہ امتحانات ہو رہے ہیں، کیمبرج حکام کے مطابق دنیا کے 80 فیصد ممالک میں کیمبرج کے امتحانات لئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بورڈ امتحانات دیر سے شروع ہونے کی وجہ سے یونیورسٹیز کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے انٹری ٹیسٹ بورڈز سے مشاورت کے بعد شیڈول کریں۔این سی او سی کے فیصلوں کے بعد وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ پنجاب کے 13اضلاع لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا،فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور شیخوپورہ میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لئے سکول عید الفطر تک بندرہیں گے جبکہ انہی اضلاع میں 19اپریل سے نویں تا بارہویں جماعت کیلئے سکولز پیر اور جمعرات کو کھولے جائیں گے ۔نویں سے بارہویں اور اے ، او لیول امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے ،سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہم نے پہلی سے آٹھویں جماعت تک تدریسی عمل معطل کر رکھا ہے تاہم 22اپریل سے سندھ بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی،نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی عمل بلاتعطل جاری رہے گا، امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے ،سندھ میں کوئی مخصوص ضلع متاثر نہیں، صوبے کے تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح 2.6 فیصد ہے ،خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث صوبے کے چھ اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کر رکھے ہیں،جبکہ بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بلوچستان بھر میں میرج ہال ، بینکویٹ ہال اور مارکیاں 15دن کے لئے 20اپریل کو دوپہر 12بجے تک بند کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا، ادھر پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں سے ان کے لواحقین کی ملاقاتوں پر 10 روز کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ،وزارت داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات، ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور پنجاب کے تمام سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کر دیا،پنجاب حکومت نے ہفتے میں 2 دن بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا،سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ صرف میڈیکل اور ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں جا سکیں گی، پابندی کا اطلاق 10 اپریل سے ہو گا،متعلقہ سٹاف کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی)کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے باعث 103اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14ہزار 924 ہوگئی،جبکہ 3953نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مصدقہ کیسز 6لاکھ 96ہزار 184 ہوگئے ،جن میں 6لاکھ 18ہزار 158افراد صحت یاب ہوگئے ،3ہزار 645مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ،گزشتہ روز پنجاب میں 88، خیبرپختونخوا میں 12،سندھ،اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ایک ایک مریض نے دم توڑا،ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور میں مزید 42افراد دم توڑ گئے ،جبکہ 1172نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب میں نئے کیسز کی تعداد 2221رہی۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 77.70فیصد تک وینٹی لیٹرز زیراستعمال ہیں جبکہ 10.75فیصد آکسیجن بیڈز بھر چکے ہیں، اس وقت ہسپتالوں میں 1079 کورونا مریض زیر علاج ہیں،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارشد منیر خالق اور خیبر پختونخوا میں ڈاکٹر قریش خان بھی انتقال کر گئے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا پابندیوں میں اضافے ، لاک ڈائون کا دائرہ پھیلانے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں، ابتدائی طور پر کورونا کے مثبت کیسز میں کمی کے اشارے مل رہے ہیں،گزشتہ دو ہفتے کے اثرات کے باعث اموات کی تعداد کچھ عرصے تک زیادہ رہے گی، تاحال دس لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے ، شہری پابندیوں پر عملدرآمد کریں اور محفوظ رہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے دارالحکومت میں سنگل ڈوز ویکسین لگوانے کیلئے عمر کی حد70سال کردی،ایک روز قبل یہ حد 80سال رکھی گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں