پی ٹی آئی کے ناراض رکن سندھ اسمبلی پی پی میں شامل
آصف زرداری سے میر شہریارشر کی ملاقات،پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا پی ایس18 اوباڑو سے مستعفی ہو کرپیپلزپارٹی کے ٹکٹ پرضمنی الیکشن لڑیں گے
کراچی ( آن لائن)حکمران جماعت تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سردار میر شہریار خان شر نے تحریک انصاف سے سیاسی راہیں باضابطہ طور پر جدا کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی اورپیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ، سردار میر شہریار خان شر سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 18 اوباڑو کی نشست سے مستعفی ہوں گے اور ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے ۔ تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں پارٹی حکمت عملی کے خلاف جانے پر دو اراکین پی ایس ون جیکب آباد 1 سے اسلم ابڑو اور پی ایس 18 گھوٹکی 1 سے شہریار خان شر کو پارٹی سے نکالنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی تھی۔