حکومت مزارات کھولے ورنہ خود کھولیں گے :اے پی سی
مسلمان حکمران قبلہ اول کی آزادی،فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے موثرلائحہ عمل بنائیں وقف املاک ایکٹ واپس ،فیٹف کیوجہ سے دینی اداروں کو نشانہ بنانا سمجھ سے بالا تر،اعلامیہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)سنی تنظیمات کے مشترکہ پلیٹ فارم تحفظ ناموس رسالت محاذکے زیراہتمام دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ مسجد اقصیٰ اہل اسلام کاقبلہ اول ہے ۔ قبلہ اول کی آزادی،آزاد فلسطینی ریاست کاقیام اورفلسطینیوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے مسلم امہ کے حکمرانوں کو متفقہ اورموَثرلائحہ عمل تیار کرناچاہیے اوراس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں ۔ ایف اے ٹی ایف کی وجہ سے صرف دینی اداروں کونشانہ بناناسمجھ سے بالاترہے ۔ وقف املاک ایکٹ واپس لیا جائے ۔ پارک، ہوٹل، کالج کھول دئیے گئے ، اب تک مزارات کو بند رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ 6 جون تک مزارت اولیا کو کھولا جائے ۔ 7 جون کو محکمہ اوقاف کے باہر مزارات بند رکھنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔ دس جون کو مزارات ہم خود کھو لیں گے ۔ معاشرے کے ہرفرد کی آزادی اوراسکے بنیادی انسانی حقوق کاتحفظ انتہائی ضروری ہے لیکن اسکی آڑ میں قومی سلامتی کے اداروں پر بے جا تنقیدنہ کی جائے ۔ کالعدم تحریک لبیک سے ساتھ تعلق کے شبہ میں گرفتار افراد کو فی الفور رہا کیا جائے اورانکے خلاف بے بنیاد مقدمات ختم کئے جائیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کی صد ارت جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کی ، کانفرنس میں تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر مولانارضائے مصطفی نقشبندی ، قاری زواربہادر،پیر محمدعثمان نوری،صاحبزادہ عبدالمصطفی ہزاروی،ڈاکٹرمفتی حسیب قادری،مولانا شاداب رضا نقشبندی،مولانا محمدخان لغاری،مفتی انتخاب احمدنوری،علامہ ذوالفقار احمدہاشمی ،مولاناراحت عطاری،میاں عبدالخالق،صاحبزادہ ارشد نعیمی،علامہ ممتاز ربانی،مولانا حاجی امداداللہ نعیمی،مولانا فاروق احمدضیائی ودیگر شریک ہوئے ۔ علامہ راغب نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیٹف کی آڑ میں منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ملک کے اکثریتی طبقہ اہلسنت کو دہشت گردی سے جوڑا جا رہا ہے ۔ ماضی میں دہشت گردی میں ملوث رہنے والوں کو کلین چٹ دی جا رہی ہے ۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ میں مز ید کہاگیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں سفاک دہشت گرد اسرائیل کی طرف سے بیت المقدس کی بے حرمتی،فلسطینیوں پر بمباری اوربے گناہوں کا قتل قابل مذمت ہے ۔ فیٹف کو آڑ بناکر قومی وصوبائی اسمبلیوں سے وقف ایکٹ منظور کروائے گئے ۔منی لانڈرنگ اورآڈٹ کی آڑ میں مدارس ،مساجداورخانقاہوں کی حریت اورانکے نظام کار پر کوئی قدغن قابل قبول نہیں ۔