قابل ٹیکس آمدن کی حد 9 لاکھ ، سگریٹ پر اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے ، سینیٹ خزانہ کمیٹی میں تجاویز
ان ڈائریکٹ ٹیکس واپس،تعمیراتی صنعت کیلئے ایمنسٹی ختم،صوبوں کو سٹیٹ بینک سے قرضے لینے کی سہولت دی جائے لیگی رکن کی میک اپ سامان پرٹیکس کم کرنے کی سفارش،شوگرملز،جیولرزایسوسی ایشن،تاجرنمائندوں نے بھی تجاویزدیدیں
اسلام آباد(خبر نگار خصو صی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سینیٹروں کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم کی روشنی میں بجٹ سفارشات کو حتمی شکل دیدی، آج منگل کو بجٹ اناملی کمیٹی اور ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات پیش کی جائیں گی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں ہوا۔ ذیشان خانزادہ نے قابل ٹیکس آمدن کی حد 6 لاکھ سے بڑھاکر 9 لاکھ روپے کرنے کی سفارش کی۔ فدا محمد نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے لیبر کالونیاں تعمیر کرنے اور 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت لگائے گئے ٹیکس اور ڈیوٹیاں فوری ختم کرنے کی سفارش کی۔ دنیش کمار نے کہا وفاقی حکومت بلوچستان کے ذمے واجب الادا واپڈا کے 25 ارب روپے کے بقایاجات خود ادا کرے اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کیلئے سالانہ 2 ارب 50 کروڑ روپے اضافی فراہم کئے جائیں۔ نصیب اللہ بازئی نے 80 روپے سے زائد قیمت والے سگریٹ کے ہر پیکٹ پر 25 روپے اضافی ایکسائز ڈیوٹی عائد کرکے 13 ارب روپے جمع کرنے اور 80 روپے سے کم قیمت والے سگریٹ کے پیکٹ پر 15 روپے اضافی ایکسائز ڈیوٹی عائد کرکے 37 ارب روپے جمع کرکے انہیں عوام کی صحت کی سہولیات پر خرچ کرنے کی تجویز دی۔ شیری رحمن نے ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کو واپس لینے ، صحت کا بجٹ بڑھانے ، صوبوں کو سٹیٹ بینک سے براہ راست قرضے لینے کی سہولت دینے اور تعمیراتی صنعت کو دی گئی ایمنسٹی ختم کرنے کی سفارشات پیش کیں۔ سینیٹر سعدیہ عباسی نے خواتین کے میک اپ کے سامان پر ٹیکس اور ڈیوٹیوں کو کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں جیولرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو سونے کے زیورات پر 17 فیصد جنرل سیلز ختم کرنے کی صورت میں فکس شرح سے اضافی انکم ٹیکس ادا کرنے کی پیشکش کردی۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد فیاض قریشی نے بتایا 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ سے زیورات عوام کی قوت خرید سے باہر ہو جائیں گے ۔ کمیٹی نے اس معاملے پر ایف بی آر سے رائے مانگ لی۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سکندر خان نے چینی پر 17 فیصد جنرل سیلز لگانے کا فیصلہ واپس لینے اور 8 فیصد کی شرح بحال کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ شوگر ملوں سے مارکیٹ میں رائج قیمت کی بنیاد پر جنرل سیلز ٹیکس وصول کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سہیل احمد اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کے نمائندوں نے ٹیکس چوری کے شبہ میں ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار دینے کی ترامیم واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پولٹری فیڈ کے اجرا پر جنرل سیلز ٹیکس 17 سے کم کرکے 10 فیصد تک واپس لانے ، 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر لائف ٹائم موٹر وہیکل ٹیکس ختم کرنے ، فلور ملوں کے منافع پر انکم ٹیکس کی شرح 1.50 فیصد سے کم کرکے 0.25 فیصد تک لانے کی بھی سفارش کی۔ وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ملک میں 17 فیصد جی ایس ٹی اور غیر رجسٹرڈ دکانداروں پر 3 فیصد اضافی جی ایس ٹی کے مقابلے میں فاٹا اور پاٹا میں جنرل سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے کی پالیسی کو ملکی صنعت کیلئے تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے گھی اور کوکنگ آئل 4 روپے فی کلو مہنگا ہونے کا امکان ہے ۔