تمباکو آرڈیننس میں ترامیم کی تجویز کیلئے ذیلی کمیٹی قائم
قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے زرعی مصنوعات نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ٹوبیکو بورڈ تمباکو کی قیمت کے تعین کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائے اور تھرڈ پارٹی تمباکو کی پیداواری لاگت کا تعین کر کے قیمت کا تعین کر یگی
اسلام آباد (نامہ نگار) گزشتہ روز خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین و سپیکر اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا ۔ اجلاس میں ٹوبیکو کی قیمت کامعاملہ زیر بحث لایاگیا ۔ کمیٹی کوکاشتکار وں نے بتایاکہ فی ایکڑ پیداوار 3500کلوگرام ہے ، تمباکو کی پیداواری لاگت فی ایکڑ آٹھ لاکھ 44ہزار روپے ہے ۔ 37 روپے فی کلو نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے جس پر چیئر مین کمیٹی نے خصوصی ذیلی کمیٹی کو ذمہ داری سونپ دی۔ذیلی کمیٹی پیداواری لاگت کے تعین کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے قانون سازی تجویز کرے گی۔قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے زراعت کی ذیلی کمیٹی کی کنوینر شاندانہ گلزار ہیں۔ذیلی کمیٹی تمباکو کی پیداواری لاگت کا تخمینہ لگائے گی۔ تمباکو کے حوالے سے موجود آرڈیننس میں ترامیم کی تجویز کیلئے سپیکر نے ذیلی کمیٹی بنادی، کمیٹی کو وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سیدفخرامام نے بتایاکہ جو ہمارے ٹیکنیکل تحفظات ہوں گے اس سے ہم کمیٹی کو آگاہ کریں گے ۔