پنجاب میں سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع، پورا تحفظ دینگے: بزدار

پنجاب میں سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع، پورا تحفظ دینگے: بزدار

فارن انویسٹمنٹ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ، دائرہ کار بڑھائیں گے ،تعاون گروپ کی ملاقات ، پنجاب میں جوافسر کام کریگا، وہی عہدے پر رہے گا،نیوزی لینڈ کے دورہ کی منسوخی پر افسوس ہوا

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تعاون گروپ کے وفد نے ملاقات کی اورصوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اورسرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ترین ماحول موجودہے ، صوبے میں سرمایہ کاروں کے لئے بہترین مواقع فراہم اور آسانیاں پیداکی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں فارن انویسٹمنٹ ڈیسک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کوہرممکن سہولتیں دے رہے ہیں۔پنجاب میں سرمایہ کاری کو پورا تحفظ دیں گے ۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سینٹر بننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ فارن انویسٹمنٹ کا دائرہ کار دیگر شعبوں تک بڑھایا جائے گا۔جنوبی پنجاب اورپسماندہ علاقوں میں فارن انویسٹمنٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ معاشی لحاظ سے گیم چینجر ثابت ہوگا۔اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل میں کوتاہی یا غفلت قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔عوامی مسائل کے حل کیلئے جانفشانی سے کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ فرائض سے غفلت برتنے اورعوامی مسائل کے حل میں کوتاہی پرمتعلقہ افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا ۔پنجاب کی ہر تحصیل اورضلع میں جاؤں گا ، میں نے گزشتہ روزسمبڑیال اورسیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا۔عوام کو سہولتیں فراہم کرنے والے دفاتر،تھانے ،ہسپتال اورجیل کادورہ کیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف عوامی شکایات کو خود سنا اورفوری ایکشن لیا۔ عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے ۔پاکستانی ، کھیلوں خصوصا ًکرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے ۔پنجاب حکومت نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے بہترین اور فول پروف انتظامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ دورے کی منسوخی پر شائقین کرکٹ کو افسوس ہوا۔پاکستان میں عالمی کرکٹ کے ساتھ دیگر سپورٹس ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہونی چاہیے اور پر امن پاکستان میں کرکٹ ضرور ہو گی۔ عثمان بزدار نے راجن پور کے علاقے میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 6سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں