آئی ایم ایف سے مذاکرات مثبت سمت میں بڑھ رہے ،شوکت ترین

آئی ایم ایف سے مذاکرات مثبت  سمت میں بڑھ رہے ،شوکت ترین

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی بحالی کیلئے آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہونے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی بحالی کیلئے آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہونے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات درحقیقت ‘مثبت سمت’ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ قونصلیٹ جنرل نیویارک میں پاکستانی برادری سے خطاب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا مذاکرات جاری ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ کن بنیادوں پر کچھ لوگوں نے یہ تاثر دیا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے ، ایسی بات کرنے والے بالکل غلط ہیں۔ انہوں نے کہا اس مرحلے میں حتمی تفصیلات پر کام کیا گیا، مذاکرات کامیابی سے اختتام کو پہنچیں گے ۔ شوکت ترین نے کہا سیکرٹری خزانہ یوسف خان واشنگٹن میں ہی موجود ہیں اور آئی ایم ایف کے متعلقہ حکام سے مذاکرات کر رہے ہیں جبکہ وہ مشاورت کیلئے چیئرمین ایف بی آر سے بھی رابطے میں ہیں۔ ابھی مثبت ماحول ہے اور اگلے چند روز میں مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا اور دیگر حکام سے ملاقات بھی انتہائی مثبت رہی۔ قوم کو کچھ بے بنیاد منفی رپورٹس سے مایوس نہیں ہونا چاہیے ۔ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان سے ڈو مور کے مطالبے کے حوالے سے انہوں نے کہا جب کوئی قرض کیلئے درخواست دیتا ہے تو ہر بینکر اس کا مطالبہ کرتا ہے ۔ شوکت ترین نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، اوور سیز پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کھولیں اور اس اقدام کے تحت پیش کی جانے والی متعدد سہولیات سے استفادہ کریں۔ گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے اقدام کے بارے میں بریف کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں