ای سی سی:سگریٹ،کولڈڈرنکس پرٹیکس سمیت10نکاتی ایجنڈاموخر
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مشروبات اور تمباکو پر ٹیکس لگانے کی سمری پر غور موخر کردیا
اسلام آباد(خصوصی وقائع نگار) وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں 10 نکاتی ایجنڈا زیر غور آنا تھا تاہم عمر ایوب خان نے صرف ای سی سی کے حوالے سے بریفنگ دی اور ایجنڈا موخر کردیا گیا۔ ایجنڈے میں مضر صحت میٹھے مشروبات اور تمباکو پر ٹیکس لگانے کی تجویز تھی، گندم کی درآمد سے متعلق چھٹا ٹینڈر کھولنے کی منظوری دی جانی تھی، کھاد کے کارخانوں کیلئے لیٹ پیمنٹ سرچارج کی سمری زیر غور آنا تھی، خیبر پختونخوا میں تیل و گیس نکالنے والے اضلاع کو گیس کی فراہمی کی منظوری پر بھی غور ہونا تھا، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری اور سٹرٹیجک سٹیٹ پالیسی فریم ورک پر غور کیا جانا تھا۔ وفاقی حکومت سگریٹ اور کولڈ ڈرنکس کو مضر صحت قرار دے کر 20 سگریٹوں کی ڈبی پر 10 روپے اور 250 ملی لٹر کی کولڈ ڈرنک پر ایک روپے ہیلتھ ٹیکس لگانا چاہتی ہے ۔