بلدیاتی قانون پر اپوزیشن کا احتجاج نامناسب ہے ، صوبائی وزراء

بلدیاتی قانون پر اپوزیشن کا احتجاج نامناسب ہے ، صوبائی وزراء

میئر کے ماتحت واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہونگے ، شو آف ہینڈ سے میئر کے انتخاب پر مشاورت کرسکتے ، ناصر حسین ، سعید غنی

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیربلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر اطلاعات سعید غنی نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی قانون پر اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے احتجاج نامناسب ہے کیونکہ سندھ حکومت نے حتی الامکان کوشش کی کہ بلدیاتی قوانین میں تمام جماعتوں سے مشاورت کرکے ان پٹ لیا جائے ۔نئے بلدیاتی قوانین کے تحت ٹاؤن سسٹم دے دیا گیا ہے ، اب تمام اختیارات قانون کے مطابق ہونگے ۔میئر کراچی کے ماتحت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہونگے ۔ٹاؤن سسٹم اور یونین کونسلز کو بحال کردیا گیا ہے ۔پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹ بالکل پہلے کی طرح یوسیز کے ذریعے جاری ہونگے اور ان کو نادرا سے لنک کیا جارہا ہے ۔ حیدآباد کی ڈسٹرکٹ کونسل کو میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کیا جارہا ہے ، بلدیاتی اداروں کے ماتحت جو صحت اور تعلیم کے ادارے ہیں انہیں بہتر طور پر چلانے کے لئے صوبائی محکمہ صحت اور تعلیم کے تحت کیا جارہا ہے تاکہ ان اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں اور دیگر مراعات میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ قوانین آسمانی صحیفہ نہیں ہیں کہ ردوبدل نہ ہوسکے ان میں باہمی مشاورت سے تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک اور اعتراض شو آف ہینڈ کے ذریعے میئر کے انتخاب پر ہے اس پر بھی مشاورت کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایک طرف ایک بات دوسری طرف دوسری بات کرتی ہے ۔ہم اپوزیشن سے بات چیت کے لئے رابطے کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی رابطے کی کوشش کرتے رہیں گے ۔لیکن اب اپوزیشن عدالت میں چلی گئی ہے لہذا ہم بھی عدالت کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں