پینا ڈول گولی اور سیرپ کی قیمت میں اضافے پر اتفاق

پینا ڈول گولی اور سیرپ کی  قیمت میں اضافے پر اتفاق

لاہور( اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی حکومت کی جانب سے پینا ڈول کی قیمتوں میں 64فیصداضافہ، دوسری جانب سر درد کی دوا درد سر بن گئی۔

پیناڈول کی شدید قلت برقرار،شہری خوار ہونے لگے ۔تفصیلا ت کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے سربراہوں کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے ۔ وزارت خزانہ نے پیراسیٹامول پیناڈول 500 ملی گرام کی قیمت فی گولی 2 روپے 75 پیسے کرنے پر اتفاق کیا جبکہ پیراسیٹامول شربت کی قیمت 117 روپے 60 پیسے مقرر کردی گئی جبکہ پیراسٹامول پیناڈول 500 ملی گرام کی 10 گولیوں کی نئی قیمت 27 روپے 50 پیسے مقرر کی گئی ہے ۔ اس طرح پینا ڈول کی قیمتوں میں64فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب ڈینگی بخارکے مریض دوا ڈھونڈتے بدحال ہوگئے ، لاہور میں پیناڈول کی سپلائی طلب کے مقابلے میں آدھی سے بھی کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ڈینگی بخار کے مریض شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ پیناڈول کی شدید قلت کو دور کرنے کیلئے محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے ڈریپ کو بھی مراسلہ بھجوایا گیا لیکن اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ،وزارت خزانہ کے مطابق کمپنیوں نے بخار کی ادویات کی تیاری شروع کردی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں