سگریٹ نوشوں کو بڑا ریلیف،فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ واپس ،پرانی شرح بحال
اسلام آباد(خبر نگار خصو صی)وفاقی حکومت نے سگریٹ نوشوں کو بڑا ریلیف دیدیا، ضمنی بجٹ میں سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے کر پرانی شرح بحال کردی۔
اس فیصلے سے سگریٹ نوشوں اور سگریٹ ساز اداروں کو فائدہ ہوگا تاہم قومی خزانہ بھاری ریونیو سے محروم ہوجائے گا۔ ایف بی آر نے قومی اسمبلی سے منی بجٹ پاس ہونے کے بعد سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیلئے 14 فروری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن 178(1)/2023 منسوخ کردیا اور منگل کو نیا ایس آر او 515(1)/2023 جاری کرکے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی پرانی شرح بحال کردی جس سے سگریٹ کی پرانی قیمتیں بحال ہوجائیں گی۔ وفاقی حکومت نے ضمنی بجٹ میں مہنگے برانڈز کے سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 9 ہزار سے بڑھاکر 16 ہزار 500 روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی تھی جبکہ 9 ہزار روپے سے کم قیمت کے ایک ہزار سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 2 ہزار سے بڑھاکر 5 ہزار 50 روپے فی ایک ہزار سگریٹ کر دی تھی، اس اقدام سے تقریباً 80 ارب روپے کا اضافی ریونیوحاصل کرنا تھا تاہم ضمنی بجٹ میں سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھنے سے قیمتوں میں اضافہ کے بعد سگریٹ کی فروخت اتنی گرگئی تھی کہ ایف بی آر کو ریونیو کے اپنے سہ ماہی اور سالانہ اہداف پورے کرنا مشکل ہوگئے ، سگریٹ ساز کمپنیوں نے بھی سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کا مطالبہ کیا تھا۔