زرداری پیپلزپارٹی کی دیرینہ کارکن شاہدہ جبیں کے گھر پہنچ گئے

 زرداری پیپلزپارٹی کی دیرینہ کارکن شاہدہ جبیں کے گھر پہنچ گئے

لاہور (سپیشل رپورٹر)سابق صدرمملکت و شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری دھرم پورہ لاہور میں پیپلزپارٹی کی دیرینہ کارکن شاہدہ جبیں کے گھر پہنچ گئے اور وہاں شاہدہ جبیںکے خاوند اور پیپلزپارٹی کے کارکن حاجی محمد علی کے انتقال پر اظہار افسوس اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی۔

اس موقع پررخسانہ بنگش،مہرین انور راجہ ، فوزیہ حبیب اور فیصل میر بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ شاہدہ جبیں کے دونوں بیٹے ذوالفقار بھٹو اورقاسم ، دونوں بھائی عمر فاروق اور سلیمان بھی موجود تھے ۔ آصف زرداری نے اس موقع پر شاہدہ جبیں کو خراج تحسین پیش کرتے کہا کہ ضیا دور میں شاہدہ جبیں اوراس کی دودھ پیتی بچی نے شاہی قلعے میں لمبی قید کاٹ کر تاریخ رقم کی،ضیا کے ہاتھوں شاہدہ جبیں کے بھائی عثمان غنی کی پھانسی نے اسے امر کردیا۔ دریں اثنا وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ گزشتہ روز کراچی سے بلاول ہاؤس لاہور پہنچ گئے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلٰی سندھ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور بلاول سے میئر کراچی کے الیکشن پر مشاورت کریں گے ، مراد علی شاہ صوبائی بجٹ کے حوالے سے بھی پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں