7صنعتی سیکٹرز کیلئے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے اہداف میں اضافہ
اسلام آباد(خبر نگار خصو صی)وفاقی حکومت نے 7صنعتی سیکٹرز کیلئے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کے اہداف میں اضافہ کر دیا ہے ۔
وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق 30جون کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران سگریٹ اور تمباکو سیکٹر کیلئے فیڈرل ایف ای ڈی کی وصولی کا ہدف 152.65ارب روپے تھا جس کے مقابلے میں وفاقی حکومت کو180ارب93کروڑ روپے کی روپے کی ایف ای ڈی وصول ہوئی ۔ نئے مالی سال میں سگریٹ اور تمباکو سیکٹر کیلئے ہدف213ارب روپے رکھا گیا ہے ۔ گزشتہ مالی سال میں سافٹ ڈرنکس اور دیگر مشروبات کیلئے ایف ای ڈی کی وصولی کا ہدف46ارب15کروڑ روپے تھا جس کے مقابلے میں 30جون تک 58ارب21کروڑ روپے کی وصولی ہوئی، نئے مالی سال کیلئے ایف ای ڈی کی وصولی کا ہدف68ارب53کروڑ روپے رکھا گیا ہے ۔ سیمنٹ سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا ہدف100.13ارب روپے تھا جس کے مقابلے میں 30جون تک 89.31ارب روپے کی وصول ہوئی ، نئے مالی سال میں سیمنٹ سے ایف ای ڈی کی وصولی کا ہدف بڑھاکر105.14ارب روپے کر دیا گیا ہے ۔
قدرتی گیس کی پیداوار پرفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا ہدف12ارب روپے تھا جس کے مقابلے میں 30جون تک 14 ارب روپے کی وصولی ہوئی، قدرتی گیس کی پیداوار پر ایف ای ڈی کی وصولی کا ہدف14.29ارب روپے طے کر دیا گیا ہے ۔ مختلف پٹرولیم مصنوعات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا ہدف5.80ارب روپے تھا جس کے مقابلے میں 30جون تک3.49ارب روپے کی وصولی ہوئی، نئے مالی سال میں وصولی کا ہدف بڑھاکر4ارب11کروڑ روپے کر دیا گیا ۔ درآمدی اشیا پر ایف ای ڈی کی وصولی کا ہدف4ارب79کروڑ روپے تھا تاہم 30جون تک وصولی6.39ارب روپے رہی، نئے مالی سال کیلئے اب ہدف7.52ارب روپے مقرر کر دیا گیا ہے ۔ وفاقی سروسز سے ایف ای ڈی کی وصولی کا ہدف41ارب28کروڑ روپے تھا تاہم 30جون تک 61ارب روپے کی وصول ہوئی، نئے مالی سال کیلئے 71ارب87کروڑ روپے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ پینٹس، وارنش اور دیگر چھوٹی اشیا پر ایف ای ڈی کا ہدف39.14ارب روپے تھا جس کے مقابلے میں 30جون تک61ارب روپے کی وصولی ہوئی، نئے مالی سال میں 53ارب50کروڑ روپے کی وصولی کا ہدف طے کیا گیا ہے ۔