راولپنڈی میں چھاپہ،پلازے کے تہہ خانے کی دیواروں سے نوٹوں کا خزانہ نکل آیا

راولپنڈی میں چھاپہ،پلازے  کے  تہہ خانے  کی دیواروں  سے  نوٹوں کا  خزانہ  نکل  آیا

راولپنڈی(احمد بھٹی)راولپنڈی میں ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران شاپنگ پلازے کے تہہ خانے کی دیواروں میں خفیہ دروازہ برآمد، نوٹوں کا خزانہ نکل آیا، 13لاکرز سے رقوم رات گئے تک نکالی جاتی رہیں ، صرف ایک جگہ سے 40کروڑ مل گئے ،2ملزموں کو گرفتارکرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ اور ڈالر کی سمگلنگ کیخلاف جاری ملک گیر آپریشن کے دوران حساس اداروں کی اطلاع پر ایف آئی اے کی ٹیم نے شمس آباد مری روڈ کے نو تعمیر شدہ شاپنگ پلازے میں چھاپہ مارا،کارروائی سے پہلے ایک ہفتہ ریکی کی جاتی رہی،ڈبل بیسمنٹ کے پارکنگ ایریا کا بظاہر ایک لوہے کا ایک چھوٹا دروازہ تھا ، جہاں کنسٹرکشن کا فالتو سامان رکھا گیا تھا،چھاپہ مار ٹیم نے دیواروں کو ٹھونکا تو ایک جانب گونج دارآواز آنے پر دیوار توڑی گئی، جہاں خفیہ دروازہ برآمد ہوا، وہ اتنا چھوٹا تھا کہ اس سے جھک کر ہی گزرا جاسکتا تھا، دروازے سے اندر داخل ہونے پر دیوار کے ساتھ بڑے سائز کے 13آہنی لاکرز دیوار کے ساتھ چنے ہوئے ملے ، یہاں پر سکیورٹی سسٹم منسلک اور جگہ جگہ کیمرے لگے تھے ، سیف بائیو میٹرک سسٹم کے ساتھ لاک تھے جو کہ مخصوص خواتین کے فنگر پرنٹ سے ہی کھل سکتے تھے ، کچھ لاکرز الگ تھے جن کو پہلے ہی کھول لیا گیا،لاکرز کے مالکان کے آنے میں تاخیر کے باعث ایف آئی اے حکام نے سیف کاٹنے کیلئے کٹر اور گیس ویلڈنگ سلنڈر بھی منگوا لیے تاہم اس دوران مالکان پہنچ گئے جنہوں نے خودلاکرز کھولے ، صرف ایک لاکر سے 40کروڑ روپے نکلے ،جس سے اندازہ ہوا کہ یہاں اربوں روپے کی ملکی و غیرملکی کرنسی چھپائی گئی ہے ،رات گئے تک رقوم نکالنے کا سلسلہ جاری رہا، اتنی بڑی مقدار میں رقم کی موجودگی پر چھاپہ مار ٹیم نے مقامی پولیس ، اے سی سٹی اور دیگر سرکاری اداروں کو بھی طلب کر لیا ،پولیس کی بھاری نفری ایلیٹ و کوئیک رسپانس فورس نے شاپنگ کمپلیکس کو گھیرے میں لے لیا ، پلازے میں خفیہ لاکرز بنانے کیلئے جگہ خاص منصوبہ بندی کے تحت رکھی گئی تھی جہاں گاڑی براہ راست پہنچ سکتی تھی،موقع پر موجود مقامی افراد اور پلازہ میں کام کرنے والے دیگر دکانداروں نے کہا انہیں اس حوالے سے ذرا بھی شبہ نہ ہوا کہ یہاں اتنی دولت موجود ہے ، نہ ہی یہاں پر کسی ایسے کاروبار کی سرگرمی تھی جس میں سرمایہ کی بڑی مقدار کی آمدو رفت ہو ،جس انداز میں لاکرز بنائے گئے اور ان کو بھرا گیا ،معلوم ہوتا ہے کہ یہ کام یہاں کئی مہینوں سے ہورہا ہے ،مالکان کے حوالے سے معلوم ہوا کہ وہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور دیگر کئی کاروبار کرتے ہیں ، ابتدائی رپورٹ ایف آئی اے حکام کو بھجوا دی گئی ۔ادھر ایف آئی اے نے جہلم ایچ اینڈ ایچ اور الحمید کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ مارا جہاں سے لاکھوں ڈالرز، پاؤنڈ اور ریال اور کروڑوں پاکستانی روپے برآمد ہوئے جبکہ موقع سے 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں