محسن نقوی نے چینی شہرین چوان میں انٹرنیشنل فرینڈز شپ فورم کا افتتاح کیا،غیر معمولی پذیر ائی

محسن  نقوی  نے  چینی  شہرین  چوان  میں  انٹرنیشنل  فرینڈز  شپ  فورم  کا  افتتاح  کیا،غیر معمولی  پذیر ائی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں تیسرے ننشیا انٹرنیشنل فرینڈزشپ سٹیز فورم کا افتتاح کردیا۔

 اس موقع پر محسن نقوی کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ۔یوہائی کے کانفرنس ہال میں آمد پر وزیراعلیٰ کا شاندار استقبال کیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ نے تھرڈ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ ہمارا عزم خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے ۔پاک چین تعلقات پورے خطے میں امن،استحکام اورخوشحالی کے لئے ضروری ہیں۔پاکستان اور چین کے مزید مضبوط، جامع اور ہمہ گیر تعلقات دونوں ممالک کے بہترین مفاد کیلئے ناگزیر ہیں -وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ آل ویدر کوآپریٹو سٹراٹیجک پارٹنر ہیں۔ پاکستان اورچین کی دوستی اور برادرانہ تعلقات ہمیشہ بلندیوں کی طرف گامزن رہیں گے ۔ روشن اور تابناک مستقبل کے لئے پاکستان اور چین کو آگے بڑھنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین گزشتہ 7دہائیوں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعلقات کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔پاکستان اور چائنہ ثابت کر چکے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات کیلئے باہمی اعتماد اور انڈرسٹینڈنگ بنیادی امور ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو کی 10ویں سالگرہ منا ئی جا رہی ہے ۔ سپیشل اکنامک زونز، تمام جاری منصوبوں کی تکمیل اور گوادر بندرگاہ کی تیز رفتار ترقی کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے ۔ سرمایہ کار، صنعتکار اور تاجرسی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو کے ترقیاتی منصوبوں کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔

فرینڈ شپ فورم میں شرکت اور آپ سے مخاطب ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے - کیمونسٹ پارٹی اور ننشیا کے عوام کا فرینڈ شپ فورم میں میزبانی پر مشکورہوں،فورم نے ہمیں مل بیٹھنے اور اجتماعی دانش سے مستفید ہونے کا نادرموقع فراہم کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے 43صوبوں اور شہروں نے دوستی کے رشتے قائم کر کے ہمارے مستقبل کے تعلقات کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے ۔ پاک چین روابط باہمی اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی تعاون کو مزید فروغ دیں گے ۔ سی پیک اور چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی جہت فراہم کی ہے ۔چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دارہے اور حالیہ برسوں میں دو طرفہ تجارت میں بے پناہ اضافہ ہواہے ۔محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے لیڈرز نے دونوں ممالک کے مفاد کیلئے سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سپیشل اکنامک زون اور گوادر ڈویلپمنٹ کے فاسٹ ٹریک پر گامزن ہیں - سپیشل اکنامک زون کے سلسلے میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کر چکا ہوں ۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی صوبے کے پہلے وزیر اعلیٰ ہیں جنہیں چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین سچوان میں تیسرے ننشیا انٹرنیشنل فرینڈز فورم کے افتتاح کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ فورم میں دنیا کے 18 سے زائد ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ محسن نقوی کو ننشیا کی حکومت نے سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا اور محسن نقوی اور ان کے وفد کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔فورم میں شرکت کے لئے یوہائی کے کانفرنس ہال میں داخل ہوئے تو ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی تمام شریک ممالک کے مندوبین سے پہلے ہال میں داخل ہونے ۔محسن نقوی اور ان کے وفد کو تیسرے ننشیاانٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کے دوران غیر معمولی پذیرائی ملی اور ان کے کلیدی خطاب کو ننشیا کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری اور دیگر مندوبین نے بہت سراہا۔فورم میں پاکستان کے علاوہ جاپان،ملائشیا ،کوریا،مراکش،سری لنکا،نیوزی لینڈ،مصر،کمبوڈیا،عراق، کرغیزستان،کاغزستان،نیمبیا،ٹونگا،نارتھ ایشین ریجنل فیڈریشن آف لوکل گورنمنٹ،روس چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطح کے وفود نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں