13سال تعطل کا شکارددوچھہ ڈیم کاسنگ بنیاد،کام میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینگے:محسن نقوی
لاہور(سیاسی رپورٹر سے) 13سال سے تعطل کا شکار منصوبہ د دوچھہ ڈیم پر تعمیراتی کام کاباقاعدہ آغازکردیاگیا،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی میں د دوچھہ ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ کی سائٹ کا معائنہ کیا ۔
ایف ڈبلیو او کے حکام نے ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہاکہ ہسپتالو ں کی اپ گریڈیشن ہر صورت ہوگی ،کسی کو اس کام میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے ،ہم دھیمے لوگ ہیں، ہمیں دھیما ہی رہنے دیں۔ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات اگلی حکومت دیکھے گی۔ راولپنڈی شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے د دوچھہ ڈیم پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرایا ہے ۔ 14 ارب کی لاگت سے بننے والا یہ ڈیم راولپنڈی شہر کے لئے 35 ملین گیلن روزانہ پینے کا صاف پانی مہیا کرے گا اس سے راولپنڈی کے شہریوں کے لئے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا ۔ ڈیم 2سال میں مکمل ہوجائے گا ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مری میں سیاحت کو بڑھائیں گے ۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ بریفنگ کے دوران ایف ڈبلیو او کے حکام نے بتایاکہ ڈیم کی سائٹ پر کام تیزی سے جاری ہے ، اب تک کی فنانشل پراگریس 26فیصد اور فزیکل پراگریس 12 فیصد ہے ۔ڈیم میں رائٹ آف دی وے تقریباً کلیئر ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے آغاخان فاؤنڈیشن کے ہیڈ آف ہیرٹیج لوائس منریرل نے وزیر اعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔محسن نقوی سے چینی صوبے جیانگ سو کے پولیس چیف تھان یونگ شنگ نے ملاقات کی، جس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب پولیس اور جیانگ سو پولیس کے درمیان اشتراک کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے ۔