جمہوری طاقتیں ناکام ہوئیں تو کوئی اور طاقت آئیگی:بلاول

جمہوری طاقتیں ناکام ہوئیں تو کوئی اور طاقت آئیگی:بلاول

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بتایا جارہا ہے تین بار وزیراعظم بننے والا شخص چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک کو مسائل سے نکالے گا۔

عوام ملک کی قسمت ان دو اشخاص کے حوالے نہ کریں جنہوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کی، ہمیں روایتی اور پرانی سیاسی سوچ کو چھوڑنا پڑے گا، ملک جس طریقے سے چل رہا اس طریقے سے نہیں چلا یا جاسکتا، ہمیں عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، اگرجمہوری طاقتیں فیل ہوئیں تو کوئی اور قوت ہماری جگہ آ جائیگی، آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد بننے والی پیپلز پارٹی کی حکومت ملک میں بجلی بحران کے سدباب کیلئے ضلعی سطح پر گرین انرجی پارکس بنائے گی، غریب خاندانوں کو ماہانہ 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکوئٹہ میں بلوچستان بار کونسل اور لوکل کونسل ایسوسی ایشن آف بلوچستان کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں بلوچستان کے عوام کے ساتھ سب سے بڑی نا انصافی ہورہی، میں آج جب دیکھتا ہوں بلوچستان کی کوئی ماں اپنے بیٹے کی ٹارگٹ کلنگ یا لاپتہ ہونے پر دکھی ہے تو میں ان کا دکھ جانتا ہوں ،جن سیاستدانوں نے ہمارا خون سستا کردیا ان کو دوبارہ موقع نہ دیں ۔ بلاول نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی، ہم سب سے پہلے بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دلوائیں گے ، ہم نے تھر کے وسائل میں وہاں کے عوام کو حصہ دار بنایا، ہم نیشنل گرڈ پر سب سے سستی بجلی پہنچارہے ہیں،کچھ لوگ سمجھتے ہیں انہوں نے آپ کا فیصلہ لے لیا تاہم بلوچستان کے عوام سے میری درخواست ہے 8 فروری کو ان کو سرپرائز دیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نفرت، انا اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرکے آگے بڑھیں گے ، دوسرا شخص جو چند سال پہلے وزیراعظم رہ چکا اس نے کہا تھا ہزارہ والے بلیک میل کر رہے ہیں، میرا اعتراض بزرگ ہونے پر نہیں، بزرگ ہوکر بھی ملک کیلئے نئی سمت کا تعین کرسکتے ہیں،آپس کی لڑائیوں سے کسی کو فرصت نہیں، عوام کا حکومتوں سے اعتماد اٹھ رہا ہے ، وفاقی سطح پر صرف ہم میدان میں ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اسلام آباد کے بابوَ خود کام کرتے ہیں نہ کسی اور کو کرنے دیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں