تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹیکسوں میں اضافہ ضروری:سولنگی
اسلام آباد(نامہ نگار)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سالانہ 50 لاکھ اموات تمباکو نوشی سے ہوتی ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تمباکو نوشی کی جنگ اسی شدت سے جاری رہی تو 2030ئتک اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ کر 80 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔تمباکو نوشی سے ہر چھ سیکنڈ بعد ایک شخص کی موت ہوتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کو تمباکو نوشی کے اثرات اور نقصانات سے آگاہی فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جب وہ وزیر نہیں تھے تب بھی تمباکو نوشی سے لڑنے والے ہیروز کے حامی تھے ، آج بھی ہیں اور کل بھی حامی رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمباکو پر ٹیکسز میں اضافہ اس کی حوصلہ شکنی کے لئے ضروری ہے ۔ دریں اثنا نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے برصغیر کے نامور گلوکار استاد حسین بخش خان گُلو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے استاد حسین بخش گلو نے ہر جگہ اپنی گائیکی کے نقش چھوڑے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔