ترقی کیلئے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی :صدر علوی

 ترقی کیلئے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی :صدر علوی

اسلام آباد(نامہ نگار، ایجنسیاں ) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ترقی کیلئے ہمیں انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا ہرشعبے میں اطلاق بڑھ رہاہے ۔

 تیز اور پائیدار ملکی ترقی کے لئے فکری اور تعلیمی ترقی پر توجہ دینا ہوگی ۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر نے ان خیالات کااظہار بلوچستان ریذیڈیشنل کالج ، لورالائی کے تعلیمی دورے پر آئے طلبا کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ صدر نے کہاکہ بلوچستان کے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ سے ہی تیز رفتار ترقی ممکن ہے ۔ طلبا ہنرمندی ، آن لائن اور فاصلاتی تعلیم سے بھی بھرپور ا ستفادہ کریں ۔ طلبا انفارمیشن ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں ۔ملاقات میں صدر مملکت کو بریفنگ بھی دی گئی۔ دریں اثنا اسلام آباد میں منعقدہ ‘موسمیاتی لحاظ سے لچکدار پاکستان میں پانی اور خوراک کے نظام کے لئے تبدیلی کے راستے ’ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے ویڈیو لنک خطاب میں صدر نے کہا کہ کاشتکاری کے لئے ڈرپ اور سپرے آبپاشی کے نظام سے پانی کے بحران سے بچا جاسکتا ہے ۔صدر نے کہا کہ پاکستان کو اپنے موجودہ آبی وسائل کو محفوظ بنانے کے لئے موثر انتظام کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے صنعتی فضلہ کو سمندروں میں چھوڑنے سے بچنے کے لئے نکاسی آب کے موثر نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں