تمباکو مصنوعات کیخلاف کھڑا رہونگا،وفاقی وزیرصحت
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر صحت نے پاکستان میں تمباکو کنٹرول کے لیے جرات مندانہ موقف اختیارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت صحت تمباکو نوشی کے باعث ہونیوالے صحت کے نقصانات سے اپنے شہریوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
وزارت صحت تمام شہریوں خصوصاًبچوں، نوجوانوں اور خواتین کی صحت اوربہبودکو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ،پاکستان تمباکو کنٹرول کے حوالے سے پرخلوص نیت کے ساتھ اپنی کوششیں جاری رکھے گا،ہیلتھ لیوی بل کو آرڈیننس میں تبدیل کرنے کیلئے پوری کوشش کرونگا، میں تمباکو،نیکوٹین یاایسی دیگرمصنوعات کے خلاف صحت کو لاحق خطرات کے خلاف چٹان کی طرح کھڑا رہونگا۔تمباکو سے پاک بچوں کی مہم‘‘کمپین فارٹوبیکوفری کڈز(سی ٹی ایف کے ) کے ریجنل ڈائریکٹر جنوبی ایشیا اوروفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی انسدادتمباکو کے حوالے سے جاری کوششوں کے سلسلے میں اہم ملاقات ہوئی،ملاقات میں ہیلتھ لیوی بل کے فوری نفاذ پربھی غورکیاگیا ،وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہاکہ پاکستان تمباکو کنٹرول کے حوالے سے پرخلوص نیت کے ساتھ اپنی کوششیں جاری رکھے گا،انہوں نے انسدادتمباکو کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا بھی اعادہ کیا،سی ٹی ایف کی قابل ستائش کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر صحت نے ہیلتھ لیوی بل پربھی مکمل تعاون کا یقین دلایااورکہاکہ وہ اس بل کو آرڈیننس میں تبدیل کرنے کیلئے میدان عمل میں آئینگے اور اس حوالے سے صحت کولاحق خطرات پر اپنی تشویش سے وزیر اعظم کوآگاہ کرونگا ،انہوں نے پاکستان میں تمباکومصنوعات کے خلاف حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کوظاہر کرتے ہوئے کہاکہ صحت مند اور تمباکو سے پاک پاکستان کیلئے تمباکو کنٹرول پالیسی پر مستقبل میں ملکرکام کرتے رہیں گے ۔