سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو انتقال کرگئے

سابق سپیکر قومی اسمبلی  الٰہی بخش سومرو انتقال کرگئے

کراچی، لاہور (نیوز ایجنسیاں )سینئر سیاستدان اور سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ،ان کی عمر 97 برس تھی ۔

وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل تھے ،مرحوم کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر جیکب آباد روانہ کر دیا گیا ۔الٰہی بخش سومرو 1926 میں ضلع جیکب آباد میں پیدا ہوئے ، ان کا تعلق شکار پور میں آباد سومرو خاندان سے ہے جس نے سندھ میں سالہا سال حکومت کی ، وہ مولا بخش سومرو کے فرزند اور احمد میاں سومرو کے بھائی تھے اور پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے ۔ وہ جنرل ضیا الحق کے دور میں حکومت میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر بنے اور 1985 میں بلا مقابلہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف ادوار میں متعدد بار رکن قومی اسمبلی ، وفاقی وزیر اور سینیٹ کا حصہ بنے ۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے الٰہی بخش سومرو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں