کراچی:نقاب پوش خواتین کی باکسز میں بیلٹ پیپرز ڈالنے کی ویڈیو وائرل
کراچی (این این آئی)نقاب پوش متعدد خواتین کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے اندر بیلٹ باکسز میں بیک وقت درجنوں بیلٹ پیپرز ڈالنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
جس پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا۔نقاب پوش خواتین کی جانب سے باکسز میں درجنوں بیلٹ پیپرز ڈالنے کی ویڈیو کو متعدد افراد نے شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ویڈیو سندھ کے دارالحکومت کراچی کی ہے ۔صحافی منصور مغیری نے مذکورہ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نقاب پوش خواتین قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپرز ڈالتی دکھائی دیں تاہم مذکورہ ویڈیو کو کیماڑی کے حلقہ این اے 242 سے انتخاب لڑنے والے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار عبدالقادر مندوخیل نے شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ویڈیو ان کے حلقے کی ہے ۔قادر مندوخیل نے دعویٰ کیا کہ نقاب پوش خواتین کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے ہے جو کہ بیلٹ باکسز میں بیلٹ پیپرز ڈال رہی ہیں۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بھی مذکورہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بلدیہ ٹاؤن میں ایم کیو ایم کا بیج لگائے خواتین جعلی ووٹ کاسٹ کرنے میں مصروف ہیں۔