پنجاب اسمبلی کے مزید 5 آزاد ارکان ن لیگ میں شامل

پنجاب اسمبلی کے مزید 5 آزاد ارکان ن لیگ میں شامل

لاہور(اپنے نامہ نگار سے، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)پنجاب اسمبلی کے مزید 5 آزاد ارکان ن لیگ میں شامل ہوگئے۔ جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی، پی پی 235 سے جہانزیب خان کھچی اور پی پی 236 سے علی رضا خاکوانی نے ملاقاتیں کیں ۔تمام ارکان نے قائد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ان میں سے دو ارکان شمشیر مزاری اور سہیل خان پہلے ہی ن لیگ میں شامل ہوچکے ہیں جبکہ 5 ارکان نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے آزاد ارکان کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور مبارک باد دی۔

شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کے جذبے کو سراہتا ہوں، آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں، مسلم لیگ (ن)کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے ، پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے ۔ نومنتخب ارکان اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے ۔مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے بھی 7 نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی جن میں سہیل خان، خرم ورک، شہزادہ گزین عباسی ، خضر مزاری، ذوالفقار علی شاہ، رانا فیاض اور ثاقب چدھڑ شامل تھے ۔مریم نواز نے آزاد ارکان کو مسلم لیگ (ن)میں شمولیت پر مبارک دی اور ان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا آپ کا فیصلہ عوام کی مشکلات کے حل کا ذریعہ بنے گا،آپ کا اعتماد عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے میں نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرے گا، آزاد ارکان اسمبلی نے نواز شریف کی قیادت اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ٹی وی کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن 150ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے ۔ن لیگ میں اب تک 10 سے زائد آزاد ارکان شامل ہو چکے ہیں جن میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ دو ارکان صوبائی اسمبلی بھی شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں