ن لیگ نے بتایا پیپلز پارٹی کہتی ہے متحدہ کا مینڈیٹ جعلی،،لیک آڈیو میری،مصطفی کمال کا اعتراف

ن لیگ نے بتایا پیپلز پارٹی کہتی ہے متحدہ کا مینڈیٹ جعلی،،لیک آڈیو میری،مصطفی کمال کا اعتراف

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما مصطفی کمال نے سوشل میڈیا پر زیر گردش آڈیو سے متعلق اعتراف کرلیا۔ کراچی سے جاری وضاحتی بیان میں مصطفی کمال نے کہا سب سے پہلے تو میں اعتراف کرتا ہوں کہ یہ آڈیو میری ہی ہے ۔

انہوں نے کہا آڈیو لیک میں، میں رابطہ کمیٹی کو ن لیگ سے مذاکرات سے متعلق آگاہ کر رہا ہوں، میں نے بتایا پیپلز پارٹی ہمارے مینڈیٹ کو جعلی کہتی ہے اور وہ ٹی وی پر بھی کہہ رہی ہے ۔ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ میں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کو کہتی ہے نمبر پورے ہیں، اس لیے ایم کیو ایم کی ضرورت نہیں۔مصطفی کمال نے یہ بھی کہا اس آڈیو لیک میں یہ باتیں خبر نہیں ہیں، خبر یہ ہے اب بھی ایم کیو ایم لندن کے لوگ رابطہ کمیٹی میں ہیں، جو ان کے لیے کام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا اب ہمیں پتا چل گیا وہ گھس بیٹھیا کون ہے ، جس کا بہت دن سے ہمیں انتظار تھا، یہ آڈیو منگل کی صبح ایم کیو ایم لندن سے ریلیز ہوئی ہے ۔ دوسری طرف سوشل میڈیا پر لیک آڈیو میں مصطفی کمال یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ن لیگ سے مذاکرات کے لیے پہنچے تو لگا جیسے بن بلائے گئے ، جیسے کوئی دروازہ کھول کر اندر آجائے تو آپ بولتے ہیں کہ اچھا آجاؤ۔انہوں نے مزید کہا ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات پر اعتماد میں نہیں لیا، الٹا کہا پیپلزپارٹی کہتی ہے ایم کیوایم کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے ، اس لیے ایم کیو ایم سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔خیال رہے گزشتہ دنوں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن)اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے ۔ مصطفی کمال بھی ایم کیو ایم وفد میں شامل تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں