پاسپورٹ فیس میں1500سے3700روپے تک اضافہ
اسلام آباد(نمائندہ دنیا)وفاقی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی فیسوں میں 1500 سے 3700 روپے تک اضافہ کردیا، نئی فیسیں آج سے نافذالعمل ہوں گی، ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کو مراسلہ بھجوادیا گیا۔
5 سالہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ بنوانے کی نارمل فیس 3000 سے بڑھا کر 4500 جبکہ ارجنٹ فیس 5 ہزارسے بڑھا کر 7 ہزار 500 روپے کر دی گئی۔ 10 سالہ نارمل پاسپورٹ کی فیس 4500 سے بڑھاکر 6 ہزار 700 روپے اور ارجنٹ کی 7 ہزار 500 سے بڑھاکر 11 ہزار 200 روپے کر دی گئی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ای پاسپورٹس کی فیسیں برقرار رہیں گی۔ دوسری جانب گزشتہ 6 ماہ سے پاسپورٹ کی تیاری کیلئے خصوصی لیمینیشن پیپرز کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کے باعث پاسپورٹس کی اشاعت میں غیرمعمولی تاخیر ہورہی ہے ۔ ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مصطفی جمال قاضی اجرا میں تاخیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رکھنے کے احکامات جاری کررکھے ہیں۔ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی کاغذ کا بندوبست کرلیا گیا ہے ،بہت جلد اس مسئلے پر قابو پالیا جائے گا۔