سنی اتحاد کونسل کے88ارکان دوبارہ آزاد قرار،عمر ایوب اپوزیشن لیڈر

سنی اتحاد کونسل کے88ارکان دوبارہ آزاد قرار،عمر ایوب اپوزیشن لیڈر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایوان کے شعبہ قانون کی رپورٹ کی روشنی میں سنی اتحاد کونسل کے 88 ارکان کو دوبارہ آزاد قرار دیا ہے جبکہ سپیکر نے عمرایوب کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کی منظوری دیدی۔

سپیکر ایاز صادق کو قومی اسمبلی کے شعبہ قانون کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سنی اتحاد کونسل پارلیمان میں ایک نشست بھی نہیں رکھتی، پی ٹی آئی آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل میں ضم نہیں کیا جاسکتا۔ سپیکر ایاز صادق سے اپوزیشن کے اراکین بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب اور ملک محمد عامر ڈوگر نے ملاقات کی جس میں قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام دیا گیا تھا۔سپیکر نے قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 39 کے تحت سکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمر ایوب کی بطور قائد حزب اختلاف تقرری کی منظوری دے دی ۔ عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی اکثریت کی طرف سے پیش کیا گیا تھا۔ مقررہ وقت تک کسی دوسرے امیدوار کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں کاغذات جمع نہیں کرائے گئے ۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد عمر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحد اپوزیشن کرینگے ، اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ،مہنگائی، لاقانونیت ،بجلی وغیرہ کے ایشوز پر بات کرینگے ،چھ ججز کے خط پر حکومت نے پھرتی دکھائی، فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل نہیں ہوسکتا،فوجی عدالتوں کے فیصلے چیلنج کرینگے ،فوجی عدالتوں کے تمام فیصلے اعلٰی عدالتوں میں ریورس ہونگے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ 6 ججز کے خط پر فل کورٹ بنایا جائے ۔ عمر ایوب نے کہا کہ تمام اسیران رہنمائوں کے حق میں آواز اٹھا ئوں گا ، فارم 47 کی بیساکھیوں والی حکومت ہے اسے مسترد کرتے ہیں،ہماری 180 سیٹیں تھیں جن کی واپسی کے لئے کوشش کرتے رہیں گے ، چیف الیکشن کمشنر کو کینیڈا میں سفیر لگانے کی پیشکش ہے ،سکندر سلطان راجہ اپنا بوریا بستر باندھ رہے ہیں،عمر ایوب نے کہا کہ سکندر سلطان راجہ کو حکومت سے جو چٹ ملتی ہے وہ وہی فیصلہ کرتے ہیں،خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن روکنا قابل مذمت ہے ،الیکشن کمیشن نے ہمارے راستے میں ہر رکاوٹ ڈالی لیکن اللہ کی مدد سے ہم جیت گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں