وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس:مراکز صحت کی فوری اپ گریڈیشن،سڑکوں کے اطراف شجرکاری کی ہدایت

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس:مراکز صحت کی فوری اپ گریڈیشن،سڑکوں کے اطراف شجرکاری کی ہدایت

لاہور(دنیانیوز، سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے اور روڈزکے اطراف میں شجرکاری کرنے کا حکم دے د یا۔

بنیادی صحت یونٹس، دیہی صحت مراکز اور سڑکوں کی بحالی کے  پروگرام پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیااور کہا کہ روڈز اور ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے ،روڈز کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس کا خود جا کر جائزہ لوں گی۔انہوں نے روڈز کے اطراف شجر کاری کا حکم دیا اور گوجرانوالہ لاہور ایکسپریس وے کے اطراف میں ایک لاکھ درخت لگانے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے ایس ایل تھری کی جلد از جلد تکمیل کا حکم بھی دیا،اجلاس میں ایس ایل فور کی جلد از جلد تعمیر کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے تیز کرنے پر اتفاقِ کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی 590روڈز کی تعمیر و بحالی کا کام شروع ہوچکا ہے اور چار سڑکیں مکمل جبکہ پانچ روڈز زیر تکمیل ہیں۔ مراکز صحت کی تعمیر ومرمت بھی شروع کر دی گئی ہے ۔بعدازاں ایک خصوصی اجلاس میں مریم نواز شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیااور ہدایت کی کہ تین ماہ میں لاہور کی گلیاں بازار کی تعمیر و بحالی، سٹریٹ لائٹس فراہمی و نکاسی آب پراجیکٹ مکمل کئے جائیں ،اجلاس میں جیو گرافیکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیاگیا، نیسپاک اور ماحولیات کے ماہرین بھی لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں معاونت کریں گے ۔ دریں اثنا ارکان صوبائی اسمبلی زاہد اکرم، محمد اجمل خان،محمد کاشف، آغا علی حیدر نے مریم نوازشریف سے ملاقات کی اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرکہاکہ پنجاب بھر میں دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6ماہ کے اندراپ ڈیٹ کیا جائے گا ،100فیصد مفت ادویات کی ہوم ڈلیوری جلد شروع کی جائیگی ۔ ارکان اسمبلی اپنے حلقے میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں، صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوگی، 5 ایکسپریس وے اور 3موٹر ویز بنائیں گے ،طلبا کیلئے 20 ہزار موٹر بائیکس کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید اور معاون خصوصی ذیشان ملک بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں