آئے روز کی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا ہماری کمزوری اور صبرکو لا محدود نہ سمجھا جائے:9مئی پر کوئی سمجھوتا نہ ڈیل :آرمی چیف

آئے روز کی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا ہماری کمزوری اور صبرکو لا محدود نہ سمجھا جائے:9مئی پر کوئی سمجھوتا نہ ڈیل :آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا 9مئی پر کوئی سمجھوتا ہو گا نہ ڈیل، آئے روز کی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا ہماری کمزوری اور صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے ، ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور گیریژن کے دورہ پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے افسروں اور جوانوں کو ان کی قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا،آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل دہشتگردی کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا،آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے ، بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا، ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

اب وہی سازشی عناصر ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتا ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل،وہ معصوم لوگ جو ان مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے ان کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، ان ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے ، تاہم اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کہ اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا، خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں،آرمی چیف نے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہدا اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آرمی چیف نے کہا کہ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے ۔بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں،قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ادھر ترجمان پاک فوج نے کہا سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر افواج پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے ،پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا، ان شرپسندعناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی، جس کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی، پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور ان کے سرغنوں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا، ان شر پسند عناصر کا بنیادی مقصد افراتفری پھیلا کر عوام اور مسلح افواج کے درمیان تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا تھا۔

قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہونے کے بعد، اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور پرتشدد کارروائیاں کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی، ان شرپسند عناصر نے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر شرمناک طریقے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی، انہی وجوہات کی بنا پر 9 مئی کے سانحہ کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتا ہو سکتا ہے اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی، 9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کو اسی طرح کے غلط طرز عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرأت نہ کرے ۔آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔ ہمارے شہدا اور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں ۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں ۔ پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستانی عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے ۔ آئیے آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت کرنے اور اپنے پیارے ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا 9مئی سیاسی عمل نہیں ریاست کیخلاف بغاوت کا منظم منصوبہ تھا،افواج کے اندر تقسیم پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی،ریاست،فوج، آرمی چیف کیخلاف سازش دم توڑ گئی،حملہ آوروں، سرپرستوں نے آج تک ریاست، قوم ،حتیٰ کہ شہدا کے اہلخانہ سے بھی معافی نہیں مانگی،سزا ضرور ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس اور  شہد اکے لواحقین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کابینہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 9 مئی پاکستان کی تاریخ کاسیاہ ترین دن تھا،اس دن دفاعی اداروں، شہدا اور غازیوں کی یادگاروں پر حملے کئے گئے ،یہ واقعات ریاست، افواج پاکستان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے خلاف بغاوت تھی،اصل مقصد جمہوریت کاخاتمہ، آئین کی پامالی اور فرد واحد کی بادشاہت اور آمریت قائم کرنے کا مذموم منصوبہ تھا، سوچنے کی بات یہ ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود 9 مئی کے مجرموں کو ابھی تک سزا نہیں مل سکی،ملک کے خلاف سازش کرنے والے مکروہ چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں۔

پوری قوم کو یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ یہ پیغام دیتے ہیں کہ اپنے شہدا، ہیروز اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا،پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ پوری قوم کو ہم یہ بتا سکیں کہ یہ ایوان قوم کی ملکیت ہے اور آپ کے حقوق کی ترجمانی کا مرکز ہے ۔ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ یہ حملے کیوں کئے گئے ،مئی 2023 میں پی ڈی ایم کی حکومت پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی سرتوڑ کوشش کررہی تھی، اگر ایک کٹھ پتلی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایانہ جاتا تو شاید یہ حملے نہ ہوتے ۔ انہوں نے دوست اور برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو خرابی کی انتہا تک پہنچادیاتھا اور پی ڈی ایم کی حکومت ان تعلقات کو بہتر کرنے کی دن رات کوشش کررہی تھی،اسی لئے یہ حملے کئے گئے تھے کہ یہ تعلقات دوبارہ استوار نہ ہوں۔ 9 مئی کو نہ صرف ملک بلکہ ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت کی گئی،کوئی جمہوری اور آئین وقانون پر عمل پیرا ملک اپنے ہیروزاور شہداپر اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کر سکتا۔کیا امریکااور برطانیہ میں فسادیوں کو سزائیں نہیں دی گئیں۔ اپنی ذات کے لئے فساد برپاکرنے والوں کو قانون نے ہرجگہ اپنی گرفت میں لیا۔ سوشل میڈیاپر بیرون ملک فارن فنڈنگ کے جو تانے بانے ملتے ہیں اس کے ذریعے زہر آلود پراپیگنڈاکیاجارہاہے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا 5جنوری 2024 کونگران کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی تھی،اس کے ٹی او آرزمیں یہ چیزشامل تھی کہ 9 مئی کے واقعات کا محرک بننے والے معاملات کی تحقیقات کی جائیں۔ اس سلسلہ میں کمیٹی نے ان واقعات کی ذمہ داری پی ٹی آئی کی قیادت پر ڈالی ہے اور اپنی رپورٹ میں سفارشات دی ہیں۔ اس کے علاوہ قانون سازی کے حوالے سے بھی اقدامات کو رپورٹ کا حصہ بنایاہے ۔ یہ ایک مفصل رپورٹ ہے جس میں تمام حقائق کے ساتھ ساتھ وجوہات کاجائزہ لیاگیا ہے ۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے اس سے متعلق قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کابینہ اراکین نے 9 مئی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک سے بغاوت اور دشمنی کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے ، پاکستان کے جانبازوں نے ہمیشہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیا، 9 مئی کو شہداء کے ورثا کی دل آزاری، قوم اور فوج کو تقسیم کرنے کی منظم منصوبہ بندی کی گئی، ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میجر منیب افضل شہید کے والد نے اپنے بیٹے ، مسز کرنل عابد شہید نے کوئٹہ میں اپنے خاوند کی شہادت، مسز میجر اکبر اعوان اور دیگر شہداء کے ورثا نے ان کی جرأت و کردار کی تاریخ بیان کی کہ انہوں نے کس طرح دشمن کا مقابلہ کیا، انہیں جہنم رسید کیا، اﷲ تعالیٰ کو ان جوانوں کی شہادت منظور تھی۔ شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں، انہوں نے اپنے خون سے ملک کی حفاظت کی، پوری قوم آج اپنے شہداء اور غازیوں کو ایسے الفاظ میں یاد کر رہی ہے جو سنہری حروف میں بھی لکھے جائیں تو ان کی داستان کی تاریخ بیان نہیں کر سکتے ۔پاکستان نے اقوام عالم میں جو اپنا لوہا منوایا ہے وہ انہی عظیم شہیدوں اور غازیوں کے مرہون منت ہے ، لیکن شہدا کے ورثا کے دلوں کو تکلیف پہنچانے کی مذموم کوشش کی جائے ، شہیدوں کی قبروں کی بے حرمتی کی جائے اور وہ ادارے جو پاکستان کی سلامتی کی علامت ہیں ان کی تذلیل کی جائے تو 25 کروڑ عوام ایسی حرکتیں برداشت نہیں کر سکتے ۔ 9 مئی 2023ء کو ریاست کے خلاف بغاوت کی گئی، ملک میں تقسیم در تقسیم کی گھٹیا حرکت کی گئی، افواج پاکستان کو تقسیم کرنے کی مذموم حرکت کی گئی، بغاوت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، منظم منصوبہ سازی کی گئی، ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کو قانون کے مطابق ضرورسزا ملے گی ۔تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شہداء کے ورثا نے 9 مئی کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک نغمہ بھی جاری کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء شہداء کے ورثا کی بات چیت سن کر آبدیدہ ہو گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں