متحد ہو کر مسائل کے حل تلاش کرنا ہونگے :شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقا ت کی جس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، سردار اویس لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
وزیر اعظم نے حکومت سندھ کو درپیش تمام ترقیاتی مسائل اور انکے تحفظات دور کرنے اور سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا معیشت کی بحالی کے لیے وفاق اور صوبوں کے مابین اشتراک ناگزیر ہے ،پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں متحد ہو کر مسائل کے حل تلاش کرنا ہوں گے ۔ملک کا معاشی استحکام ہمارا بنیادی مقصد ہے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزرا کو سندھ حکومت کے مالی و اقتصادی اور دیگر مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے اور آئندہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی تیاری میں تمام صوبوں کو اعتماد میں لینے اور ان کی مشاورت کو شامل کرنے کی ہدایت کی ۔دریں اثناوزیراعظم شہبا زشریف نے کہاہے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ایسے منصوبے لائے جائیں جس سے ملک میں پائیدار ترقی ممکن ہو۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے امور پر اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے ہدایت دی تمام بڑے قومی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروائی جائے ۔ انہوں نے ترقیاتی بجٹ اور پی ایس ڈی پی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ۔ یہ کمیٹی پی ایس ڈی پی پروگرام کے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے کے حوالے سے قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی تجاویز مرتب کرے گی۔