گندم درآمد سکینڈل:انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر 4افسروں کو معطل کرنیکی منظوری

گندم درآمد سکینڈل:انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر 4افسروں کو معطل کرنیکی منظوری

اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)نگران دور حکومت میں گندم درآمد کرنے کے سکینڈل میں ذمہ داروں کا تعین کر لیا گیا، وزیراعظم نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 4 افسروں  کو معطل کرنے کی منظوری دے د ی گئی،سابق وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی محمد آصف کے خلاف باضابطہ کارروائی کی منظوری دے دی گئی۔ سابق ڈی جی پلانٹ پروٹیکشن اے ڈی عابد ،فوڈ سکیورٹی کمشنر ون ڈاکٹر وسیم، ڈائریکٹر سہیل کو معطل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ذمہ دار افسروں پر ناقص منصوبہ بندی اور غفلت برتنے کا چارج لگایا گیا ہے ، سرپلس گندم امپورٹ سے ملک میں گندم کی مارکیٹ کریش کرگئی۔خیال رہے کہ ایک ماہ سے زائد عرصے کی تحقیقات میں نگران دور حکومت کے کسی بھی ذمہ دار کو طلب ہی نہیں کیا گیا۔ نگران دور میں گندم درآمدکرنے کی اجازت کس نے دی؟مقدار کا تعین کرنے کی ذمہ داری کس کی تھی ؟ نگران حکومت نے ضرورت سے زیادہ گندم درآمد کرنے کے بعد نئی منتخب حکومت کو اس سے متعلق آگاہ کیوں نہیں کیا ؟ ان سوالوں کا جواب نہیں مل سکا۔وزیراعظم شہباز شریف نے فروری 2024 کے بعد گندم کی درآمد جاری رکھنے پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے گندم درآمد جاری رکھنے اور ایل سیز کھولنے کے ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت کرتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ مانگی تھی مگر بعد میں کمیٹی کے ٹی او آرز میں اضافہ کردیاگیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں