وہی کیا گیا جو فلسطین ، مقبوضہ کشمیر میں ہورہا :تحریک انصاف

وہی کیا گیا جو فلسطین ، مقبوضہ کشمیر میں ہورہا :تحریک انصاف

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے )پی ٹی آئی رہنماؤ ں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور اب بات اسی طرف جاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

 پارٹی دفتر پر وہی کیا گیا جو فلسطین ، مقبوضہ کشمیر میں ہورہا ،ہم واضح کرنا چاہتے ہیں ہم پر امن ہیں، ہماری عورتوں کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن ہم پھر بھی مشتعل نہیں ہوئے ،دفتر سیل کرنے کے معاملے پر پٹیشن فائل کرچکے ، امید ہے کہ عدلیہ سے ہمیں ریلیف ملے گا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے عمر ایوب اور شبلی فراز کے ہمراہ اسلام آباد میں پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کور کمیٹی کا اجلاس ہم نے باہر سڑک پر منعقد کیا، ہم سی ڈی اے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔پی ٹی آئی نے اسی جگہ میدان میں اجلاس بلایا،سی ڈی اے کے خلاف عدالت جائیں گے ۔عمر ایوب نے بتایا کہ اس فرسودہ نظام میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں ۔انہوں نے بتایا کہ عامر مغل کو رات کو پولیس گردی کا نشانہ بنایا گیا، ایڈووکیٹ علی بخاری اور ہم نے ان کو رات کے 3 بجے بازیاب کروایا، اس نظام کے خلاف ہم آخری حد تک لڑیں گے ۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤ ف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اندر کی نفرت ختم نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ ان کے پاس اب ایک ہی راستہ رہ گیا ہے کہ اب ہمیں یہ قتل کر دیں اور یہ بات اب اسی طرف جاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے ۔علی محمد خان نے کہا کہ پورے اسلام آباد میں کوئی ایسی جگہ رہنے دیں جہاں ملک کی سب سے بڑی جماعت کیمرے کے سامنے بات کر سکے ۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ وہ 16 ماہ کہاں گئے جس میں تم نے عدلیہ کا مذاق اڑایا، آپ نے عدلیہ کی تضحیک اڑائی ہم پھر بھی آٹھ فروری کو الیکشن میں آئے ۔ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم دیکھتے ہیں کہ عدلیہ کو کون للکارتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں