ایم کیوایم لندن کا انتہائی مطلوب ملزم محمد حامد عرف پیا گرفتار

ایم کیوایم لندن کا انتہائی مطلوب ملزم محمد حامد عرف پیا گرفتار

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز اور پولیس نے ناظم آبادعید گاہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم لندن کے انتہائی مطلوب ملزم محمد حامد عرف پیا کو گرفتار کرلیا۔

 رینجرز ترجمان کے مطابق کارروائی میں ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوا۔ ملزم 2009 تک ایم کیو ایم حقیقی کے لیے کام کر تا رہا،اس کے بعد ایم کیو ایم لندن گروپ میں شامل ہو گیا۔ملزم کراچی میں لسانی،سیاسی مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ ڈکیت گروہ کا سرغنہ بھی رہا۔ ملزم نے 1994 سے اپر یل 2014 تک ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم نے ایک پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم نے 2007سے 2008 تک اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بینک ڈکیتیاں کیں، 4جیولری شاپس سے 123تو لہ سونا اور قیمتی سامان سے بھر ے کنٹینرز کو لوٹا۔ ملزم نے لیاری گینگ وار کے ہمراہ بھتہ وصولی میں بھی ملو ث ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔

ملزم نے کراچی میں ایم کیو ایم لندن گروپ اور لیاری گینگ وار کو درجنوں کلاشنکوفیں، ایل ایم جی اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں بھی فراہم کیں ، یہ اسلحہ کراچی میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے ۔ ترجمان کے مطابق ملزم 2014سے سکھر، پشاور، اسلام آباد میں روپو ش رہ چکا ہے ۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں 11 ایف آئی آرز بھی درج ہیں۔ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو برآمد شدہ ہینڈ گرنیڈ سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ایم کیوایم لندن کے دہشت گرد حامد پیا کے اہم انکشافات پرمبنی بیان سامنے آگیا ، جس میں اس نے بتایا کہ 1993 سے لے کر مفروری کیا کچھ کیا۔ ملزم حامد عرف پیا نے بتایا کہ وہ 1993 میں ایم کیو ایم حقیقی میں شامل ہوا تھا، آفاق احمد کے کہنے پر ہڑتالیں اور دکانیں بند کراتا تھا، پولیس موبائلوں اور دکانوں پرفائرنگ کرتا تھا۔گرفتار دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ جب میں حقیقی میں تھا تو ایم کیو ایم کے بندے مارے تھے ، ایم کیو ایم میں شمولیت کی تو پھرحقیقی کے بندے مارے ، پولیس اہلکار فاروق کو بھی مارا۔ ملزم نے بتایا کہ اسے پولیس مقابلے میں گولی لگی جس سے ٹانگ کاٹنا پڑی۔ملزم حامد نے مزید بتایا کہ پشاورسے آنے والا اسلحہ لیاری میں دیتا جو دہشت گردی کیلئے استعمال ہوتاتھا ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں