5سالہ روڈ میپ کیلئے سیاسی استحکام لانا ہوگا:تھنک ٹینک

5سالہ روڈ میپ کیلئے سیاسی استحکام لانا ہوگا:تھنک ٹینک

لاہور ( دنیا نیوز )معروف تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے تقریر میں بڑے اچھے خواب دکھائے ،امیدیں دلوائی ہیں، انہوں نے جو خواہشات کا اظہارکیا ہے ، اس کو پورا کون کریگا؟،دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے انکا کہنا تھا۔

 کہ اکنامک سروے کو دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ اس میں حکومت نے ایگریکلچر میں ٹارگٹ حاصل کیا ، باقی کسی شعبہ میں حاصل نہیں ہوا،جو حکومت اور بیوروکریسی چھوٹے ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکتی، ان سے کیسے امید رکھی جائے کہ وہ 5 سالہ پروگرام کا ٹارگٹ حاصل کرلیں گے ؟،ہم سب کو پتہ ہے کیا کرنا ہے مگرہم کرنے کو اسلئے تیا ر نہیں کہ ہم بغیرتبدیل ہوئے تبدیلی چاہتے ہیں۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ ایک بات توواضح ہو گئی کہ قومی معیشت خطرناک زون میں نہیں ،خطاب میں وزیراعظم نے 100 دن کی جو کارکردگی بتائی اس میں کوئی دورائے نہیں، مہنگائی کم ہورہی ہے ، شہبازشریف نے معاشی حوالے سے 5سالہ روڈ میپ پر بات کی ، کچھ اور چیزیں بھی ضروری ہیں، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے تاکہ اندرونی و بیرونی سرما یہ کار سرمایہ کار ی عمل کو آگے بڑھایاجاسکے ، شہبازشریف ملک و قوم کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، لیکن مخلوط حکومت کی وجہ سے بڑی مشکلات ہیں، شہبازشریف نے جو 5سالہ پروگرام بتایا اس کیلئے سیاسی استحکام لانا ہوگا۔معروف تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ اشرافیہ کو کوئی قربانی دینے کی ضرورت نہیں صرف یہ ہے کہ اختیارات آئین وقانون کے مطابق استعمال کئے جائیں، احتساب کے اداروں کو مضبوط کیا جائے ،حکومتی کارکردگی یہ ہونی چاہیے کہ جو عوام کو دینا ہے وہ دیا جائے ، امید کے ساتھ رہنا چاہئے جو کچھ وزیر اعظم نے کہا وہ ممکن ہے کہ پاکستان میں ماضی میں ترقی ہوئی ،ترقی ہوسکتی ہے ، صنعتیں لگ سکتی ہیں، باتیں اعلانات تک نہیں ہونی چاہئیں،سنجیدگی سے پالیسیوں پر عمل کیا جائے ۔معروف تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے منصوبوں کاخوشنماخاکہ پیش کیا ، معیشت کچھ بہتر ہو چکی ہے ، شہبازشریف نے جو کہا کہ موجودہ آئی ایم ایف پروگرام ملکی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا،اللہ کرے یہ سچ ہو پاکستان آئی ایم ایف سے آزاد ہوجائے ،وزیراعظم نے جو باتیں کی ہیں وہ اعلانات کی حد تک نہ رہیں، ا ن کو پورا کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں