جعلی فلیگ آپریشن بھارت کا سیاسی ہتھیار،اشتعال انگیزی کا فوری جواب دیا جائیگا:آرمی چیف

جعلی فلیگ آپریشن بھارت کا سیاسی ہتھیار،اشتعال انگیزی کا فوری جواب دیا جائیگا:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فوجیوں کے ساتھ عید منانے کیلئے پہلے روزحاجی پیر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا، آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔

 پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی اور اس تہوار کے موقع پر پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا،آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کیلئے ان کی لگن، بلند حوصلے اور عزم کو سراہا، انہوں نے کہا اپنے ملک اور ہم وطنوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے بطور فوجی، ہم ڈیوٹی کے دوران اپنے گھروں اور پیاروں سے دور اس طرح کے تہوار منانے پر فخر محسوس کرتے ہیں، آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد پر گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا، انہوں نے کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جاری ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور اشتعال انگیزیوں سے اپنی جارحیت اور کشمیری عوام کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ اس طرح کے ہتھکنڈے بشمول جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا ایک معمول کا سیاسی ہتھیار بن چکے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کی حمایت کی ہے ۔ تاہم کسی بھی اشتعال انگیزی یا پاکستان کی علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کا قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ فوری اور پرعزم جواب دیا جائے گا، قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں