وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا جدید کمپیوٹرائزڈ نظام لاگو کرنیکا فیصلہ

 وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا جدید  کمپیوٹرائزڈ نظام لاگو کرنیکا فیصلہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ فری پنجاب کیلئے گاڑیوں سے پھیلنے والے زہریلے دھوئیں کے تدارک کے وزیراعلیٰ پلان کے دوسرے مرحلہ کا آ غاز کر دیا گیا،پنجاب بھر میں وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا جدید کمپیوٹرائزڈ نظام لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خراب انجن، کاربن اوردھواں چھوڑنے والی تمام گاڑیوں کی پڑتال ہوگی، ہر گاڑی اور موٹر سائیکل سے کیوآر کوڈ جاری کرکے دھوئیں سے پھیلنے والی آلودگی کاخاتمہ کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر سال کیوآر کوڈ کی تجدید ہوگی ،جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے ، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر صنعت، بھٹے ، ٹریفک، فصل ، پلاسٹک بیگز اور کوڑا کرکٹ جلانے سے پھیلنے والے زہریلے اور جان لیوا دھوئیں کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کیاگیا، جس سے ٹریفک اور گاڑیوں سے پھیلنے والے دھوئیں کے تدارک کے لئے جامع اقدامات کے بہترنتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ، پولیس اور ٹریفک کا عملہ پڑتال کرے گا، سیف سٹی کیمروں سے بھی نگرانی ہوگی ،پنجاب حکومت نے پورے صوبے میں جرمانوں کی رفتاربھی تیز کردی اور صوبے بھر میں سخت مانیٹرنگ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں