چین ہماری سکیورٹی ایجنسیوں کے کردار پر مطمئن،احسن اقبال

چین ہماری سکیورٹی ایجنسیوں کے کردار پر مطمئن،احسن اقبال

لاہور (دنیا نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان اور چین کے تعلقات بہت مضبوط اور سٹریٹجک ہیں اس تعلق میں کبھی خزاں نہیں آئی ہمیشہ بہار رہی ہے۔۔۔

 دہشت گردی اور تشدد کے حالیہ واقعات کا مقصد بھی یہی ہے پاکستان اور چین کے درمیان جو اشتراک اور سی پیک کا سفر ہے اس کے راستے میں رخنا ڈالا اور چین کے اندر بد اعتمادی پیدا کی جائے۔ پروگرام"دنیا کامران خان کیساتھ "میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا یہ بات درست ہے چین اپنے شہریوں کے جان، مال کے حوالے سے حساس ہے ، حساس ہونا بھی چاہئے یقیناً ان کا جو نقصان ہے وہ ہمارا نقصان ہے ،کیونکہ وہ ہماری ترقی کیلئے پاکستان آتے ہیں۔ انہوں نے کہا ان حملوں کا چین کی قیادت کو بھی علم ہے ،یہ حملے پاکستان کی طرف سے نہیں ہورہے یہ کچھ غیر ملکی عناصر ہیں جو چین اور پاکستان کے مفادات کے خلاف ہیں وہ ان کو ٹارگٹ کرتے ہیں، حکومت نے انتظامی طور پر جو بھی یقین دہانی ہوسکتی ہے یا ہم ایس او پیز کو موثر کرسکتے ہیں وہ ہم نے کئے ہیں اس بات کا چینی قیادت کو بھی ادراک ہے ۔ احسن اقبال نے کہا چین کی قیادت اس بات کو سمجھتی ہے جو آخری واقعہ ہوا اس کے بعد ہم نے لمحہ بہ لمحہ تحقیقات سے چینی قیادت کو آگاہ رکھا وہ اس حوالے سے بہت مطمئن ہیں کہ ہم نے اور ہماری سکیورٹی ایجنسیوں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا جو احتیاطی تدابیر ہو سکتی ہیں وہ ہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا 2018 میں جو تبدیلی آئی اس نے ہر پالیسی کو جو مسلم لیگ ن کے دور میں شروع ہوئی تھی اس کو ریورس کردیا،چینی سرما یہ کار یہاں سے چلے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں